جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کا بھرپور کریک ڈاؤن، 100 سے زائد ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد
تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایات پر عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تمام تحصیلوں میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ کی سربراہی میں ضلعی پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کی قیادت میں ضلع بھر کی پولیس ٹیموں نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے جبکہ قتل، اقدام قتل، چوری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ملزمان اور اشتہاری مجرمان کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔پولیس کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ ضلع بھر سے 100 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئیں۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں کلاشنکوف، مختلف اقسام کے پسٹل، رائفلیں اور مختلف بور کے کارتوس و گولیاں شامل ہیں۔ پولیس نے برآمد شدہ اسلحہ و منشیات کے حوالے سے متعلقہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف بھی ضلع بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری رکھا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانا اور معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ کا سدباب کرنا ہے۔ پولیس ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کیے۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کی جانب سے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں، چوروں، ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشنز، ناکہ بندی، مشکوک افراد کی چیکنگ اور جرائم کے سدباب کے لیے دیگر اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور قانون شکن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لیے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں سے معاشرے میں امن و امان کے قیام میں مدد ملتی ہے، تاہم جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون، بروقت اطلاع اور قانون پر عملدرآمد بھی انتہائی ضروری ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم کے خلاف کارروائیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔*













