فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر: قومی قیادت کا تاریخی فیصلہ
تحریر ۔محمد زاہد مجید انور
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں جو فیصلہ کیا گیا، وہ نہ صرف عسکری قیادت بلکہ پوری قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ بن گیا۔ آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور کامیاب قیادت پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے، جو ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔جنرل عاصم منیر کی عسکری خدمات، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، اور پاکستان کے دفاع میں ان کا کردار بے مثال رہا ہے۔ اُنہوں نے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا نہایت مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف جو مؤثر حکمتِ عملی اپنائی، اُس نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ عوام کو ایک نئی امید بھی دی۔عوامی حلقوں میں اس فیصلے کو انتہائی سراہا جا رہا ہے۔ ملک کے کونے کونے سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ حکومت کے اس جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ فیصلہ وقت کی اہم ترین ضرورت تھا۔ اس فیصلے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت قومی سلامتی کے معاملات میں یک زبان اور متحد ہے۔جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے طور پر تقرری صرف ایک فرد کی ترقی نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک نظریے، اور ایک قومی حکمتِ عملی کی جیت ہے۔ یہ وہ قدم ہے جس سے نہ صرف فوج کا مورال بلند ہوگا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے عزم و استقلال کا بھرپور پیغام جائے گاحکومت پاکستان نے جو فیصلہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے اور اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ یہ اقدام نہ صرف موجودہ حالات میں قومی استحکام کا ضامن بنے گا بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید مثال قائم کرے گا۔










