میاں خالد بشیر: محنت، دیانت اور خدمت کی روشن مثال
تحریر وترتیب ۔محمد زاہد مجید انور
بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور شہر کی معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت میاں خالد بشیر ایک ایسے فرد ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں محنت، قربانی اور دیانت کو شعار بنا کر کامیابی کی وہ منزلیں طے کیں جو دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔میاں خالد بشیر کا تعلق نواحی گاؤں چک نمبر 183 گ ب (میانکوٹ) سے ہے۔ ان کے والد مرحوم ایک نیک، زمیندار اور دینی مزاج رکھنے والے انسان تھے جنہیں علاقے کے شریف، خالص اور باکردار لوگوں میں شمار کیا جاتا تھا۔1988ء میں میاں خالد بشیر نے اپنے کاروباری سفر کا آغاز ٹوبہ ٹیک سنگھ سے کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک کا رخ کیا اور جرمنی و انگلینڈ میں کئی سال تک محنت مزدوری کر کے رزقِ حلال کمایا۔ ان کی محنت رنگ لائی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں کامیابی سے نوازا۔2000ء میں میاں خالد بشیر کچھ ذاتی معاملات کی وجہ سے وطن واپس آئے اور بھٹے کا کاروبار شروع کیا، جس میں بھی اللہ تعالیٰ نے برکت عطا فرمائی۔ ان کی کاروباری بصیرت، دیانت داری اور محنت نے انہیں بھٹہ انڈسٹری میں ایک معتبر نام بنا دیا۔آج ان کے واحد صاحبزادے، میاں زید بشیر، نہ صرف اس کاروبار کو کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ شہر کی سیاست، سماجی فلاح و بہبود اور کاروباری حلقوں میں اپنی الگ پہچان بھی بنا چکے ہیں۔ میاں زید بشیر اپنی شرافت، خلوص اور بردباری کے باعث ہر دل عزیز شخصیت بن چکے ہیں۔ وہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے نہ صرف کاروبار بلکہ معاشرے میں بھی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔میاں خالد بشیر اور ان کے بیٹے میاں زید بشیر کی شخصیتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر نیت صاف ہو، محنت خلوص سے کی جائے، اور معاشرے کی خدمت کو مقصد بنایا جائے تو کامیابی خود راستہ بناتی ہے۔










