عیدالاضحیٰ پر شاندار صفائی مہم: ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامیہ کو عوام کا خراج تحسین
تحریر ۔۔محمد زاہد مجید انور
عیدالاضحیٰ کے موقع پر جب پورا ملک قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت اور ذبح کرنے میں مصروف تھا، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ضلعی انتظامیہ نے مثالی خدمت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ضلع میں صفائی ستھرائی کا ایسا نظام قائم کیا جسے عوامی حلقوں نے بھرپور انداز میں سراہا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال، اسسٹنٹ منیجنگ آفیسر (FWMC) میاں زاہد شبیر اور ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میڈی لینڈ وسیم اسداللہ کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔عیدالاضحیٰ کے ایام میں جہاں قربانی کے بعد صفائی کا نظام اکثر شہروں میں متاثر ہوتا ہے، وہاں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بروقت اقدامات، مربوط حکمت عملی اور محنتی عملے کی بدولت ہر گلی، محلہ اور سڑک صاف نظر آئی۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے اضافی عملہ تعینات کیا گیا، خصوصی گاڑیوں کے ذریعے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو بروقت ٹھکانے لگایا گیا اور چونے کا چھڑکاؤ کر کے بدبو اور جراثیم کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں جس انداز سے صفائی کا نظام قائم رکھا گیا، وہ قابلِ تقلید مثال ہے۔ خاص طور پر چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کا معیار دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ انتظامیہ نے صرف مرکزی علاقوں تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ پورے ضلع کو یکساں توجہ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے عید کے دوران دن رات محنت کر کے یہ ثابت کیا کہ اگر نیت صاف ہو، ٹیم ورک مضبوط ہو اور عوامی فلاح کو مقدم رکھا جائے تو کوئی بھی چیلنج ناقابلِ عبور نہیں رہتا۔ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال کی مانیٹرنگ، میاں زاہد شبیر کی بروقت کارروائیاں اور وسیم اسداللہ کی تکنیکی نگرانی نے اس پورے آپریشن کو مثالی بنا دیا۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ صفائی کی یہ مہم صرف عید تک محدود نہیں رکھی گئی بلکہ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ صفائی کے یہ معیارات برقرار رہیں گے اور مہم جاری رکھی جائے گی تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔عوامی حلقوں نے حکومتِ پنجاب سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ایسی فعال اور محنتی ٹیموں کو سراہا جائے، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور دیگر اضلاع میں بھی اس ماڈل کو اپنایا جائے۔آخر میں ایک بار پھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی مثالی انتظامیہ کو سلام پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنی ذمہ داریوں کو عبادت سمجھ کر ادا کیا اور شہریوں کے چہروں پر اطمینان اور خوشی کے رنگ بکھیرے۔*










