خدمتِ خلق کا روشن چراغ،،،،خدمت کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں” میاں عبد الستار سے خصوصی گفتگو
تحریر: محمد زاہد مجید انور
*ٹوبہ ٹیک سنگھ۔۔۔۔ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی فلاحی اور سماجی خدمات کی تاریخ میں ایک نمایاں اور روشن نام “میاں عبد الستار” کا ہے، جو صدر انجمن بہبود مریضاں ٹوبہ ٹیک سنگھ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک معروف زمیندار، سماجی رہنما اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت ہیں۔میاں عبد الستار کا تعلق نواحی چک نمبر 343 گ ب سے ہے، جہاں انہوں نے آنکھ کھولی اور ابتدائی تعلیم بھی اپنے گاؤں سے ہی حاصل کی۔ محنت، دیانت اور سادگی ان کے مزاج کا خاصہ رہی ہے۔ اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1979ء میں انہوں نے ایک نجی بینک میں بطور آفیسر ملازمت اختیار کی، جہاں ان کی کارکردگی ہمیشہ شاندار رہی۔ تاہم 1991ء میں انہوں نے بینکاری کو خیرباد کہہ کر اپنے خاندانی پیشے، زمینداری کو اپنایا اور نہ صرف اس شعبے میں کامیابی حاصل کی بلکہ علاقے کے بااثر، بااخلاق اور فلاحی زمینداروں میں شمار ہونے لگے۔2011ء وہ سال تھا جب میاں عبد الستار نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا۔ عوامی خدمت کا جذبہ انہیں انجمن بہبود مریضاں، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے جوڑ لایا، جہاں وہ بطور صدر منتخب ہوئے۔ ان کی قیادت میں اس ادارے نے نادار، مجبور اور بے سہارا مریضوں کو مفت ادویات، علاج معالجہ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے یہ ثابت کر دیا کہ خلوص، نیت اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کی جائے تو تبدیلی ممکن ہے۔انجمن بہبود مریضاں کی پوری ٹیم دن رات مستحق افراد کی مدد کے لیے سرگرمِ عمل ہے، اور میاں عبد الستار خود ہر موقع پر پیش پیش نظر آتے ہیں۔ ان کی قیادت میں اس ادارے نے سینکڑوں افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی، جن کے لیے یہ سہولیات کسی نعمت سے کم نہیں۔میاں عبد الستار نہ صرف ایک کامیاب زمیندار ہیں بلکہ ایک سچے اور نڈر عوامی خدمت گزار بھی ہیں۔ ان کی زندگی نوجوان نسل کے لیے ایک عملی مثال ہے کہ کیسے ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ سماجی خدمت کو بھی مقصدِ حیات بنایا جا سکتا ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ ان جیسی شخصیات کی قدر کی جائے گی اور فلاحی خدمات کے اس سفر کو مزید وسعت دی جائے گی*








