چوہدری نوید موسیٰ: خدمت، قیادت اور ترقی کا استعارہ
تحریر: محمد زاہد مجید انور
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی دھرتی ہمیشہ سے ایسی نابغہ روزگار شخصیات کو جنم دیتی آئی ہے جنہوں نے نہ صرف اپنے علاقے کی خدمت کی، بلکہ اپنی محنت، خلوص، اور قابلیت سے عوام کے دلوں پر راج کیا۔ انہی میں ایک نام ہے چوہدری نوید موسیٰ کا، جو سیاست، سماجی خدمات، صحافت اور کاروبار – ہر میدان میں ایک روشن ستارے کی طرح چمکتے ہیں۔ وہ ایک ہمہ گیر، فعال اور درد دل رکھنے والے انسان ہیں جنہوں نے خدمتِ خلق کو اپنی پہچان بنایا۔چوہدری نوید موسیٰ کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں چک نمبر 337 گ ب کے ایک باعزت جٹ خاندان سے ہے۔ آپ کے والد محترم پاکستان آرمی سے بطور صوبیدار ریٹائر ہوکر علاقے میں ایک باوقار اور عزت دار شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ دیانت، سچائی اور حب الوطنی ان کے گھرانے کی بنیادی اقدار ہیں، جن کی چھاپ چوہدری نوید موسیٰ کی شخصیت پر بھی نمایاں نظر آتی ہے۔آپ 1978ء میں پیدا ہوئے۔ بچپن سے ہی ان کے اندر قائدانہ صلاحیتیں نمایاں تھیں۔ سادگی، خلوص اور حق گوئی جیسے اوصاف بچپن ہی سے ان کی شناخت تھے۔ یہی اوصاف بعد ازاں ان کی سیاست اور عوامی خدمت کا سرمایہ بنے۔چوہدری نوید موسیٰ نے اپنی ابتدائی تعلیم ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر سے حاصل کی۔ وہ ذہین، منظم اور محنتی طالبعلم تھے۔ 1995ء میں انہوں نے گورنمنٹ سکنڈری ہائی اسکول سے میٹرک کے امتحان میں نمایاں نمبر حاصل کیے۔ تعلیم کے دوران بھی انہیں معاشرتی مسائل کا ادراک تھا، اور وہ ہر وقت اپنی کمیونٹی کی بہتری کے خواب دیکھا کرتے تھے۔ یہی شعور وقت کے ساتھ عملی صورت اختیار کرتا گیا۔چوہدری نوید موسیٰ نے 2015ء کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ آپ کے کونسلر منتخب ہونے پر علاقے کے عوام نے خوشی کا اظہار کیا، کیونکہ انہیں ایک ایسا نمائندہ ملا تھا جو نہ صرف ان کی آواز بلند کرے گا بلکہ مسائل کے عملی حل میں بھی پیش پیش رہے گا۔بطور کونسلر، چوہدری نوید موسیٰ نے اپنے حلقہ میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے۔ گلیوں کی پختگی، نکاسی آب کا نظام، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی – ان تمام شعبوں میں ان کا کردار نمایاں رہا۔ ان کی خدمات کو دیکھ کر مخالفین بھی ان کی محنت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ سیاست اگر نیت صاف ہو تو عوامی خدمت کا بہترین ذریعہ بن سکتی ہے۔چوہدری نوید موسیٰ نے 1994ء میں “نوید میڈیکل سٹور” سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا۔ ایمانداری اور اعتماد نے انہیں جلد ہی عوامی حلقوں میں ایک مستند کاروباری شخصیت کے طور پر متعارف کروایا۔ 2001ء میں آپ نے “چوہدری میڈیکل کمپنی” کے نام سے باقاعدہ ادارہ قائم کیا جو اب نہ صرف ضلع ٹوبہ بلکہ ارد گرد کے علاقوں میں بھی ایک معروف نام ہے۔ان کا کاروباری فلسفہ ہمیشہ سے دیانت، خالص مال، اور صارفین سے خوش اخلاقی پر مبنی رہا۔ اسی اصول پر چلتے ہوئے انہوں نے نہ صرف مالی کامیابی حاصل کی بلکہ عوامی اعتماد بھی جیتا۔چوہدری نوید موسیٰ کی شخصیت کا ایک اہم پہلو ان کا صحافت سے وابستہ ہونا بھی ہے۔ انہوں نے مختلف قومی و علاقائی نیوز چینلز کے ساتھ بطور نمائندہ کام کیا۔ عوامی مسائل کو اجاگر کرنا، علاقائی ایشوز پر رپورٹنگ کرنا اور سچائی کو بے خوفی سے بیان کرنا ان کے صحافتی سفر کا خاصہ رہا ہے۔آج بھی وہ صحافت کے میدان میں سرگرم ہیں اور ایک ذمہ دار اور باخبر نمائندے کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی خبروں میں سچائی، غیرجانبداری اور تجزیہ کی جھلک صاف نظر آتی ہے۔سیاست، کاروبار اور صحافت کے علاوہ چوہدری نوید موسیٰ نے ہمیشہ سماجی شعبے میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کسی کی مدد کرنا ہو، غریبوں کی کفالت ہو، یا کسی اجتماعی مسئلے کا حل نکالنا ہو – وہ ہمیشہ سب سے آگے کھڑے نظر آتے ہیں۔عید ہو یا رمضان، زلزلہ ہو یا سیلاب، وہ ہمیشہ متاثرین کے درمیان موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ان سے محبت کرتے ہیں اور انہیں اپنا حقیقی نمائندہ تصور کرتے ہیں۔چوہدری نوید موسیٰ ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے بیک وقت کئی میدانوں میں کامیابی حاصل کی۔ وہ عوام کی آواز بھی ہیں، خدمت کا نشان بھی، ایک کامیاب کاروباری بھی اور اصولی صحافی بھی۔ ان کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ اگر نیت صاف ہو، مقصد خدمت ہو اور جذبہ خالص ہو تو کامیابی قدم چومتی ہے۔ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ان جیسے فرض شناس، محنتی، اور بے لوث شخصیت پر فخر ہے۔ وہ ایک ایسی روشن مثال ہیں جن پر نوجوان نسل کو فخر اور ان کی پیروی کرنی چاہیے۔










