یومِ عاشورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فول پروف سکیورٹی انتظامات
تحریر: محمد زاہد مجید انور

محرم الحرام کا مہینہ جہاں اہلِ ایمان کے لیے عقیدت، احترام اور صبر و قربانی کا پیغام لے کر آتا ہے، وہیں امن و امان قائم رکھنا بھی ریاستی اداروں کی ایک بڑی ذمہ داری بن جاتا ہے۔ بالخصوص 9 اور 10 محرم کے ایام میں ملک بھر میں جلوس و مجالس کا سلسلہ اپنے عروج پر ہوتا ہے، ایسے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی مرکزی حیثیت اختیار کر لیتی ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار کی قیادت میں امسال 9 محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 65 جلوس اور 47 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ ان میں سکیورٹی لحاظ سے 2 جلوس A کیٹیگری، 5 B کیٹیگری اور باقی C کیٹیگری میں شامل کیے گئے ہیں۔ اسی طرح 3 مجالس A کیٹیگری، 2 B کیٹیگری اور 42 C کیٹیگری قرار دی گئی ہیں۔اگر تفصیل میں جائیں تو سرکل ٹوبہ میں 11 جلوس اور 11 مجالس منعقد ہوں گی۔ تھانہ سٹی ٹوبہ کے علاقے میں 9 محرم کا اہم A کیٹیگری کا جلوس مظہر علی ولد غضنفر علی کی زیر نگرانی لکڑ منڈی سے برآمد ہو کر مرکزی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔اسی طرح سرکل کمالیہ میں 31 جلوس اور 13 مجالس ہوں گی۔ یہاں کا سب سے اہم جلوس محلہ محب علی شاہ سے سید شریف حسین کی قیادت میں برآمد ہوگا، جسے A کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔سرکل پیرمحل میں 7 جلوس اور 8 مجالس، جبکہ سرکل گوجرہ میں 16 جلوس اور 15 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔ڈی پی او عبادت نثار کے مطابق سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے 1370 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ کو گشت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرور فورسز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ پولیس کی معاونت کے لیے 975 رضا کار بھی تعینات ہوں گے۔ خواتین کی شرکت کی مناسبت سے لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔جلوس کے راستوں پر خار دار تاریں لگائی گئی ہیں، چھتوں پر سنائپر اور نگرانی کرنے والے اہلکار موجود ہوں گے، شرکاء کی واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ ہوگی۔ڈی پی او نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل الرٹ رہیں، ہر فرد کو باقاعدہ چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے اور کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ عبادت نثار کی زیر نگرانی پولیس کی کارکردگی اس بار مثالی نظر آ رہی ہے۔ عوام الناس سے بھی گزارش ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، مشکوک افراد یا اشیاء کی فوری اطلاع دیں، اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کے قیام میں اپنا حصہ ڈالیں۔محرم الحرام ہمیں قربانی، صبر، اتحاد اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے۔ آئیے! ہم سب مل کر اس پیغام کو مضبوط کریں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیں۔