عاشورہ محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلعی ٹریفک پلان مکمل
ڈی پی او عبادت نثار کی خصوصی ہدایت پر ڈی ٹی او عاطف ندیم بھٹی کی زیر نگرانی ٹریفک پولیس کی مؤثر حکمت عملی
تحریر: محمد زاہد مجید انور

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران امن و امان اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی پولیس سربراہ عبادت نثار کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (DTO) عاطف ندیم بھٹی کی زیر نگرانی عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ڈی ٹی او عاطف ندیم بھٹی کے مطابق نویں محرم کی رات اور دسویں محرم کے پورے دن ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار اپنی اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور عزاداری کے جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی روانی اور شہری سہولت کے لیے مکمل تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کا متبادل بندوبست کیا گیا ہے جبکہ اہم مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جا چکے ہیں جو عوام کی رہنمائی، سیکیورٹی فورسز سے تعاون اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستعد رہیں گے۔ڈی ٹی او عاطف ندیم بھٹی نے مزید بتایا کہ جلوس کے شرکاء کی سہولت کے لیے مخصوص مقامات پر ٹریفک کنٹرول پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے لیے خصوصی سائن بورڈز، بیریئرز اور ٹریفک گائیڈز کی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈی پی او عبادت نثار نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں تاکہ عاشورہ کے موقع پر ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھا جا سکے اور عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی، نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہیں شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔(نوٹ: شہری حضرات ٹریفک کے متبادل راستوں کے بارے میں معلومات کے لیے ضلعی ٹریفک کنٹرول روم یا قریبی پولیس اہلکار سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔)