محمد ابوبکر شفیق عزیزی — صدائے حسان پاکستان پنجاب کے نئے ترجمانِ عشقِ رسول ﷺ

تحریر: محمد زاہد مجید انور

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سرزمین ہمیشہ علم، ادب، صحافت اور روحانیت کے حوالے سے زرخیز رہی ہے۔ یہاں کے شعرا، ادبا، اور نعت خوان حضرات نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے فن اور خلوص سے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ انہی روشن ستاروں میں ایک نام محترم محمد ابوبکر شفیق عزیزی کا ہے، جنہیں حال ہی میں “صدائے حسان پاکستان” صوبہ پنجاب کا جنرل سیکریٹری منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔یہ محض ایک عہدہ نہیں، بلکہ عشقِ رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کی ایک عظیم ذمہ داری ہے۔ محمد ابوبکر شفیق عزیزی نہایت دلنشین آواز، خوش اسلوبی، خلوص، اور سادگی کے ساتھ نعتیہ مشن کو فروغ دینے میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ ان کی نعت خوانی صرف فن نہیں بلکہ دل کی گہرائیوں سے رسولِ کریم ﷺ کی محبت کا عملی اظہار ہے۔اس پُرمسرت موقع پر ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر سے عوامی، سماجی، ادبی، اور مذہبی حلقوں نے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا انتخاب درحقیقت نعتیہ حلقوں کی جانب سے ایک متفقہ اعتماد اور ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے صدر اور کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد ابوبکر شفیق عزیزی نے عزم ظاہر کیا کہ:”ان شاء اللہ میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کروں گا۔ صدائے حسان پاکستان کو ایک فعال، متحرک اور بامقصد نعتیہ ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔”ان کے اس جذبے نے اس بات کو واضح کر دیا کہ وہ محض ایک رسمی نمائندہ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عشقِ مصطفی ﷺ کا پیغام عام کرنے والے ایک سچے ترجمان ہیں۔ ان کا عہد نہ صرف نعت خوانوں کی رہنمائی کرے گا بلکہ نعتیہ مشن کو عوامی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں فروغ دے گا۔”صدائے حسان پاکستان” جیسا ادارہ، جو عشقِ رسول ﷺ کے فروغ، نوجوان نسل کی تربیت اور نعتیہ ادب کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے، اسے ایک مخلص اور باصلاحیت راہنما ملنا یقیناً خوش آئند ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ محمد ابوبکر شفیق عزیزی کی قیادت میں یہ ادارہ نئی بلندیوں کو چھوئے گا اور ہر سطح پر نعتیہ فکر کو فروغ دے گا۔اختتام پر دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محترم محمد ابوبکر شفیق عزیزی کو اس عظیم ذمہ داری میں استقامت، اخلاص اور کامیابی عطا فرمائے، اور صدائے حسان پاکستان کو عشقِ رسول ﷺ کا مضبوط قافلہ بنائے۔

صلو علیہ وآلہ… ❤️