کمالیہ میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آمد اور متاثرینِ سیلاب سے ملاقات، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈی پی او عبادت نثار کو اچھے اقدامات کرنے پر شاباش دی

تحریر ۔محمد زاہد مجید انور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں ایک اہم موقع اس وقت پیدا ہوا جب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یہاں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے انہیں حالیہ سیلاب کی صورتحال اور اس سے متاثرہ خاندانوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کس طرح ضلعی انتظامیہ نے محدود وسائل کے باوجود متاثرین تک بروقت امداد اور سہولیات پہنچانے میں دن رات محنت کی۔وفاقی وزیر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو سمیت مختلف محکموں کے افسران اور علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ ان کی بروقت کاوشوں نے نہ صرف متاثرین کے دکھوں کو کم کیا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال کیا ہے۔محمد اورنگزیب نے سیلاب زدہ علاقوں کا خود دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے ان کی شکایات اور مسائل سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب، خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔متاثرینِ سیلاب نے وزیر خزانہ کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈی پی او عبادت نثار کی انتھک کوششوں اور انتظامات کی بدولت انہیں بروقت امداد ملی۔ عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کو بھی زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات نے ان کے حوصلے بلند کیے ہیں۔یہ دورہ نہ صرف متاثرین کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنا بلکہ عوام کو یہ یقین بھی دلا گیا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔*