دبنگ پولیس افسر چوہدری فریاد حسین چیمہ کی کارروائی خطۂ ٹوبہ میں امن کی بحالی کی ایک نئی داستان

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ، جو ہمیشہ سے امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے، پچھلے کچھ عرصے سے جرائم کی ایک غیر اعلانیہ لہر سے دوچار تھا۔ نواحی علاقوں میں گینگ کلچر، بھتہ خوری، منشیات اور اسلحہ کے غیر قانونی استعمال نے شہریوں کے لیے خوف کی فضا پیدا کر رکھی تھی۔ مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی پولیس خصوصاً سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے دبنگ انچارج انسپکٹر چوہدری فریاد حسین چیمہ کی قیادت میں ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق ایک بھرپور آپریشن جاری ہے۔چوہدری فریاد حسین چیمہ، جو اپنی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث محکمہ پولیس میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، نے گزشتہ روز نواحی چک نمبر 315 ج ب کالا پہاڑ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ بھتہ خور عاطف علی عرف عاطو ولد امین قوم جٹ کو قابو کرنے کی کوشش کی۔ مذکورہ ملزم اپنے گروہ کے ساتھ پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونا چاہتا تھا، مگر پولیس کی فوری جوابی کارروائی کے دوران عاطف علی عرف عاطو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا۔ اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔عوامی حلقوں نے اس کارروائی کو امن دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن قدم قرار دیتے ہوئے چوہدری فریاد حسین چیمہ اور ان کی ٹیم کے حوصلے، بہادری اور فرض شناسی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے ہی افسران معاشرے کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں، جو قانون کی بالادستی کے لیے ہر حد تک جانے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔یہ بات اب کھل کر سامنے آ رہی ہے کہ پولیس کی مربوط حکمتِ عملی، جدید ٹریسنگ ٹیکنالوجی کے استعمال اور سخت فیلڈ نگرانی کے باعث ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جرائم کے گراف میں نمایاں کمی آئی ہے۔ چوہدری فریاد حسین چیمہ کی زیر نگرانی ٹیم نے ماضی میں بھی منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور اسلحہ بردار گروہوں کے خلاف متعدد کامیاب کارروائیاں کیں۔بلاشبہ، یہ واقعہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ جب قانون نافذ کرنے والے ادارے ایمانداری سے اپنا کام کریں تو جرائم پیشہ عناصر کے لیے زمین تنگ ہو جاتی ہے۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے جری اور بہادر افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ امن و امان کی فضا مزید مستحکم ہو۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ یہ جنگ صرف وردی والوں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ہے۔اختتاماً، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام کا اعتماد پولیس پر بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور اس اعتماد کی سب سے بڑی وجہ وہ نڈر افسران ہیں جو قانون کی عملداری کے لیے ہر وقت میدان میں موجود ہیں۔انسپکٹر چوہدری فریاد حسین چیمہ کا کہنا ہےکہ قانون کے دائرے میں رہ کر جرائم پیشہ عناصر کو کچلنا ہمارا مشن ہے۔ ہم کسی مجرم کو یہ موقع نہیں دیں گے کہ وہ عام شہری کے امن کو چیلنج کرے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کو امن و سکون کا گہوارہ بنانا ہمارا عزم ہے، اور یہ مشن اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری مجرم قانون کے شکنجے میں نہیں آجاتا۔*