ایک نئے عزم کا آغاز ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتظامی امور کے ایک نئے باب کا آغاز ہو چکا ہے۔ نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وہ اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، پنجاب لاہور کے طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے تھے۔ ان کی تعیناتی سابق ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی جگہ عمل میں لائی گئی ہے، جنہیں او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔عمر عباس میلا کا شمار ان قابل، محنتی اور ایماندار افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ اپنی کارکردگی سے محکمہ جات میں ایک مثبت تاثر قائم کیا ہے۔ ان کی انتظامی بصیرت، بروقت فیصلے اور عوامی خدمت کے جذبے نے ہر عہدے پر ان کی کامیابی کی ضمانت دی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ ایک ایسا ضلع ہے جو نہ صرف زرخیز زمینوں بلکہ باشعور عوام کے باعث اپنی پہچان رکھتا ہے۔ یہاں کی انتظامیہ کو ہمیشہ سے چیلنجز درپیش رہے ہیں صفائی، صحت، تعلیم، تجاوزات، اور عوامی سہولیات جیسے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ ایسے میں عمر عباس میلا جیسے فعال افسر کا آنا عوام کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ذرائع کے مطابق عمر عباس میلا اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ضلع کے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ عوامی مسائل براہِ راست سنے جائیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کی انتظامی حکمتِ عملی شفافیت اور فوری عملداری پر مبنی ہے، جو ان کے پیشہ ورانہ وقار کی پہچان بن چکی ہے۔ضلع بھر کے عوام، سماجی و تاجر تنظیموں نے بھی ان کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے دورِ تعیناتی میں ٹوبہ ٹیک سنگھ ترقی، صفائی اور امن و نظم و ضبط کے حوالے سے نمایاں بہتری کی راہ پر گامزن ہوگا۔عمر عباس میلا کے لیے یہ صرف ایک نئی ذمہ داری نہیں بلکہ عوامی اعتماد کی ایک بڑی آزمائش ہے۔ اگر ان کی کارکردگی ان کی شہرت کے مطابق رہی تو ٹوبہ ٹیک سنگھ جلد ایک مثالی ضلع کے طور پر اُبھر سکتا ہے۔افسران آتے جاتے رہتے ہیں، مگر وہی یاد رہتا ہے جو خدمت کے جذبے سے عوام کے دل جیت لے۔عمر عباس میلا سے عوام کو یہی امید ہےکہ وہ خدمت، دیانت اور عمل سے اپنی پہچان قائم کریں گے۔*