عوامی ریلیف کی راہ میں سرگرم میڈم صدف ارشاد کا عملی عزم

تحریر وترتیب: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عوام کے لیے ایک تازہ امید کی کرن اس وقت سامنے آئی جب سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد نے حکومتِ پنجاب کے ریلیف ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے میدانِ عمل میں قدم رکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی رہنمائی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔گزشتہ کچھ عرصے سے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ روزمرہ اشیائے ضرورت دال، چینی، سبزی، پھل اور دودھ جیسی بنیادی چیزوں کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔ ایسے میں پیرا فورس کا متحرک کردار عوامی ریلیف کی ایک تازہ لہر کی صورت میں سامنے آیا ہے۔میڈم صدف ارشاد کی سربراہی میں پیرا فورس کی ٹیمیں دن رات شہر اور گردونواح کے بازاروں میں سرگرمِ عمل ہیں۔ ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور اوور پرائسنگ کے مرتکب دکانداروں کے خلاف نہ صرف جرمانے کیے جا رہے ہیں بلکہ انہیں وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی شخص عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔یہ بات قابلِ تعریف ہے کہ پیرا فورس کا یہ آپریشن محض نمائشی یا وقتی نہیں، بلکہ ایک منظم اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت جاری ہے۔ مختلف مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کیے جا رہے ہیں، نرخ نامے آویزاں کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں، اور جہاں ضرورت پڑتی ہے، موقع پر کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ حکومتِ پنجاب کی موجودہ انتظامیہ عوامی فلاح کے لیے واضح ویژن رکھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا فوکس صرف اعلانوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر ہے۔ اسی وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیرِ نگرانی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتظامی مشینری بھرپور طریقے سے سرگرمِ عمل ہے۔میڈم صدف ارشاد کا کہنا ہے کہ “عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور جو عناصر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی۔”ان کے یہ الفاظ صرف بیانات نہیں بلکہ عزم و عمل کی صورت میں میدان میں نظر آ رہے ہیں۔ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار یہ ٹیم یقیناً ان لوگوں کے لیے پیغام ہے جو ذاتی مفاد کے لیے عوامی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں۔اگر یہ سلسلہ اسی تسلسل اور شفافیت کے ساتھ جاری رہا تو وہ دن دور نہیں جب عوام کو بازاروں میں حقیقی ریلیف محسوس ہوگا — اور یہی ایک عوام دوست حکومت کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔*