تیز رفتاری ایک جان لیوا اور خطرناک عمل ہے، جس سے بچاؤ کیلئے احتیاط نہایت ضروری ہے عاطف ندیم بھٹی ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر عاطف ندیم بھٹی نے کہا ہے کہ تیز رفتاری ایک جان لیوا اور خطرناک عمل ہے، جس سے بچاؤ کیلئے احتیاط نہایت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمنِ صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ڈی پی او عبادت نثار کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ تیز رفتاری، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ڈی ٹی او عاطف ندیم بھٹی نے بتایا کہ اکتوبر کے دوران ضلع بھر میں تیز رفتار گاڑی چلانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں تقریباً چار لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ 25 ایف آئی آرز مختلف تھانوں میں درج کرائی گئیں جبکہ 1800 سے زائد گاڑیوں کے چالان کر کے عدالتوں میں پیش کیے گئے انہوں نے کہا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دورانِ سفر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں تاکہ حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔*