ٹوبہ ٹیک سنگھ: کرسمس کے موقع پر پیرا فورس میں پروقار تقریب، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کا اظہار
تحریر : محمد زاہد مجید انور
*کرسمس کے پرمسرت موقع پر پیرا فورس ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دفتر میں ایک پروقار اور محبت سے بھرپور تقریب منعقد کی گئی جس میں کیک کاٹا گیا اور مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں کا اظہار کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح تھے جبکہ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں پیرا فورس کے افسران و اہلکاروں سمیت مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کہا کہ کرسمس خوشیوں، محبت، ایثار اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مسیحی برادری کے ساتھ ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے ساتھ مساوی سلوک حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی رواداری اور باہمی احترام ہی ایک پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد نے کہا کہ مسیحی برادری ہمارے بھائی ہیں اور ان کی خوشی ہماری خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا مشترکہ وطن ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے تہواروں میں شریک ہو کر محبت، برداشت اور اتحاد کا عملی ثبوت دینا چاہیے۔ ایسی تقریبات معاشرے میں نفرت کے رجحانات کے خاتمے اور امن و ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب کے دوران شرکاء نے کیک کاٹا، ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی اور خوشگوار ماحول میں اپنی خوشیوں کا اظہار کیا۔ آخر میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی اقلیتی برادریوں کے ساتھ یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔*









