مون سون کے دوران شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح، ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں کا شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت پر مبنی وژن اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک کی خصوصی ہدایات پر مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے، نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر اور فعال رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری کامران کاہلوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عثمان طارق کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں، چوراہوں، انڈر پاس اور حساس مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران انڈر پاس، شہباز چوک، مرکزی شاہراہوں، نشیبی علاقوں اور دیگر اہم مقامات پر مون سون انتظامات، نکاسیٔ آب کی موجودہ صورتحال، ڈسپوزل اسٹیشنز کی کارکردگی، سیوریج لائنوں کی صفائی، مشینری کی فعالیت اور واسا کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ افسران نے مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ، نالوں اور ڈرینوں کی صفائی اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعداد کے ساتھ فعال رہیں، ہیوی مشینری، سکشن مشینیں، جنریٹرز اور دیگر ضروری آلات ہر وقت تیار رکھے جائیں جبکہ فیلڈ عملہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہ کر کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو بہترین شہری سہولیات فراہم کی جائیں اور بارشوں کے دوران کسی بھی مقام پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ انہی ہدایات کی روشنی میں واسا کا تمام عملہ شب و روز خدمات سرانجام دے رہا ہے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عثمان طارق نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور مون سون ایمرجنسی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے، فیلڈ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ شہر کے تمام اہم چوکوں، سڑکوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ ڈسپوزل اسٹیشنز پر عملہ چوبیس گھنٹے موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں بھی بارش کے پانی کے جمع ہونے کی اطلاع موصول ہوگی، وہاں فوری طور پر مشینری اور عملہ روانہ کیا جائے گا تاکہ نکاسیٔ آب کا عمل بلا تعطل جاری رہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ واسا کے ساتھ تعاون کریں، سیوریج لائنوں، نالوں اور مین ہولز میں کچرا، پلاسٹک بیگز، ملبہ اور دیگر ٹھوس فضلہ پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے نکاسیٔ آب کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا شہر اور مؤثر نکاسیٔ آب صرف اداروں ہی نہیں بلکہ شہریوں کے تعاون سے بھی ممکن ہے۔دورے کے اختتام پر ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ترجیح دیں، نکاسیٔ آب کے نظام کو ہر وقت فعال رکھیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کو بروقت، معیاری اور مؤثر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔













