ملاوٹ کے خلاف فیصلہ کن جنگ، عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح
تحریر : محمد زاہد مجید انور
*خوراک انسان کی بنیادی ضرورت ہے، لیکن جب اسی خوراک میں ملاوٹ شامل ہو جائے تو یہ نعمت بیماریوں اور انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن جاتی ہے۔ پاکستان میں ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش ایک سنگین سماجی اور صحت عامہ کا مسئلہ ہے، جس کے تدارک کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی مسلسل متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ عدنان حیدر نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مقصد صرف جرمانے کرنا نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ اور خوراک کے معیار کو یقینی بنانا ہے۔ ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر دودھ فروشوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، کریانہ اسٹورز، فوڈ پوائنٹس، کولڈ ڈرنکس اور دیگر خوراک سے وابستہ کاروباری مراکز کی باقاعدہ انسپکشن کی جا رہی ہے۔ جہاں بھی صفائی کے ناقص انتظامات، ملاوٹ، غیر معیاری یا زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے کی شکایات سامنے آتی ہیں وہاں قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔عدنان حیدر نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں کیونکہ وہ چند روپے کے لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلتے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی جدید لیبارٹری ٹیسٹنگ، فوڈ سیمپلنگ اور مؤثر نگرانی کے نظام کے ذریعے اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری خوراک میسر آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہری بھی اگر کہیں غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش کی فروخت دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے انسانی جانوں کو خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ بزنس سے وابستہ افراد کو چاہیے کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں، معیاری خام مال استعمال کریں اور قانون کی مکمل پابندی کریں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسے ذمہ دار کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو عوام کو معیاری خوراک فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر محمد زاہد مجید انور نے کہا کہ معاشرے سے ملاوٹ کے ناسور کا خاتمہ صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ میڈیا عوام میں آگاہی پیدا کرنے، ذمہ دار اداروں کی مثبت کاوشوں کو اجاگر کرنے اور قانون شکن عناصر کی نشاندہی کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، لہٰذا معیاری خوراک کی فراہمی کو ہر سطح پر یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔بلاشبہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری یہ مؤثر مہم نہ صرف عوامی صحت کے تحفظ کی ضمانت ہے بلکہ ملاوٹ مافیا کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی ہے کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ اگر یہی تسلسل برقرار رہا، عوام تعاون کرتے رہے اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے سے انجام دیتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب پنجاب بالخصوص ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ملاوٹ سے پاک اور محفوظ خوراک کا خواب حقیقت کا روپ دھار لے گا۔*













