ام المومنین والمومنات سیدہ طاہرہ حضرت خد یجة الکبریٰ رضی اللہ تعالی عنہا
تحریر:مولانامحمدطارق نعمان گڑنگی

تاریخ کا رخ بدلنے میں جن خواتین نے اہم کردارسرانجام دیا ہے ان میں سرفہرست اور سنہری حروف سے لکھا گیا مقدس اسم گرامی ام المئومنین سیدہ خدیجة الکبریٰ رضی اللہ عنھا کابھی ہے۔ ام المومنین سیدہ خدیجة الکبری عرب کی معزز ترین اور دولت مند خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ علم و فضل اور ایمان و ایقان میں بھی نمایاں مقام رکھتی تھیں
شجرہ نسب
سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا بنتِ خویلد بن اسدبن عبدالعزی بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوی۔
آپ کا نسب نبی پاک ۖ کے نسب سے قصی میں مل جاتا ہے۔ آپ کی کنیت ام ہند ہے۔ آپ کی والدہ فاطمہ بنت زائدہ بن العصم قبیلہ بنی عامر بن لوی سے تھیں ۔
(مدارج النبوت،قسم پنجم،باب دوم ،درذکرازواج مطہرات )
رب کا سلام
صحیحین میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ بارگاہِ رسالتۖ میں حضرت جبرائیل علیہ السلام نے حاضرہوکرعرض کیا: اے اللہ کے رسول!ۖ آپ کے پاس حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا دستر خوان لارہی ہیں جس میں کھانا پانی ہے جب وہ لائیں ان سے ان کے رب کا سلام فرمانا۔
(صحیح مسلم،کتاب فضائل الصحابہ ،باب فضائل خدیجہ ام المومنین رضی اللہ تعالی عنھا)
افضل ترین جنتی عورتوں میں شمار
مسند امام احمد میں سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہماسے مروی ہے کہ رسول اللہۖ نے فرمایا: جنتی عورتوں میں سب سے افضل سیدہ خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ تعالی عنہا ،سیدہ فاطمہ بنت محمدرضی اللہ تعالی عنہا،،حضرت مریم بنت عمران رضی اللہ تعالی عنہا اور آسیہ بنت مزاحم رضی اللہ تعالی عنہا امرائة فرعون ہیں ۔(مسندامام احمدبن حنبل،مسند عبداللہ بن عباس ،ج١،ص٤٧٨)
سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کی تجارت میں دوگنانفع
نبی پاک ۖکے اخلاقِ حسنہ کا ہر جگہ چرچا تھا حتی کہ مشرکین مکہ بھی انہیں الامین والصادق سے یاد کرتے، آپ رضی اللہ تعالی عنہا نے اپنے کاروبار کے لئے یکتائے روزگار کو منتخب فرمایا اور سرکاردوعالمۖ کی بارگاہ میں پیغام پہنچایا کہ آپ سیدہ خدیجة الکبری کا مال ِ تجارت لے کر شام جائیں اور منافع میں جو مناسب خیال فرمائیں لے لیں ۔
حضور اقدس ۖ نے اس پیشکش کو بمشورہ ابوطالب قبول فرمالیا۔ سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا نے اپنے غلام میسرہ کو بغرض خدمت حضور اقدسۖ کے ساتھ کردیا۔
حضورۖ نے اپنا مال بصرہ میں فروخت کرکے دوگنا نفع حاصل کیا نیز قافلے والوں کو آپ ۖکی صحبت بابرکت سے بہت نفع ہوا جب قافلہ واپس ہوا تو سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا نے دیکھا کہ دو فرشتے رحمت عالم ۖپر سایہ کنا ں ہیں نیزدوران سفر کے خوارق نے سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کو آپ کاگرویدہ کردیا۔
(مدارج النبوة،قسم دوم،باب دوم درکفالت عبدالمطلب …الخ،ج٢،ص٢٧)
سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کا نکاح
ام المئومنین سیدہ خدیجة الکبری مالدار ہونے کے علاوہ فراخ دل اور قریش کی عورتوں میں اشرف وانسب تھیں ۔ بکثرت قریشی آپ رضی اللہ تعالی عنہاسے نکاح کے خواہشمندتھے لیکن آپ رضی اللہ تعالی عنہانے کسی کے پیغام کو قبول نہ فرمایا بلکہ سیدہ رضی اللہ تعالی عنہانے سرکار دوعالم ۖ کی بارگاہ میں نکاح کا پیغام بھیجا اور اپنے چچا عمرو بن اسد کو بلایا۔ سردار دوعالم ۖ بھی اپنے چچا ابوطالب، حضرت حمزہ رضی اللہ تعالی عنہما حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ اور دیگر روئوسا کے ساتھ سیدہ خدیجة الکبری رضی اللہ تعالی عنہا کے مکان پر تشریف لائے۔ ابو طالب نے نکاح کا خطبہ پڑھا۔ ایک روایت کے مطابق سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کا مہر ساڑھے بارہ اوقیہ سونا تھا۔
(مدارج النبوت،قسم دوم،باب دوم درکفالت عبدالمطلب …الخ،ج٢،ص٢٧)
بوقتِ نکاح سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کی عمر چالیس برس اور آقائے دو جہاںۖکی عمر شریف پچیس برس کی تھی۔(الطبقات الکبری لابن سعد،تسمیة النسائ…الخ،ذکرخدیجة بنت خویلد،ج٨،ص ١٣)
جب تک آپ رضی اللہ تعالی عنہاحیات رہیں آپ کی موجودگی میں پیارے آقا ۖنے کسی عورت سے نکاح نہ فرمایا۔(صحیح مسلم،کتاب فضائل الصحابہ،باب فضائل خدیجة ام المومنین رضی اللہ تعالی عنھا،ص١٣٢٤)
غم گسار بیوی
غارِ حرا میں حضرت جبرائیل علیہ السلام بارگاہِ رحمت ۖمیں وحی لے کر حاضر ہوئے اور عرض کیا پڑھئے حضور ۖنے فرمایا: کہ ما انا بقاریمیں نہیں پڑھتااس کے بعد جبرائیل علیہ السلام نے اپنی آغوش میں لے کر بھینچاپھرچھوڑ کر دوبارہ کہا: پڑھئے، میں نے کہا: میں نہیں پڑھتا،جبرائیل علیہ السلام نے آغوش میں لے کربھینچاپھرچھوڑکر کہا۔
اِقرا بِاسمِ ربِ الذِی خلق (١)خلق الاِنسان مِن علق(٢)اِقرا و رب الاکرم(٣)الذِی علم بِالقلمِ(٤)علم الاِنسان ما لم یعلم(٥)(پ٣٠،سورةالعلق)
اس واقعہ سے آپ ۖ کی طبیعت بے حد متاثِر ہوئی گھر واپسی پر سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا سے فرمایا: زملونی زملونی مجھے کمبل اڑھائو مجھے کمبل اڑھائو۔
سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا نے آپۖکے جسم انور پر کمبل ڈالا اور چہرہ انور پر سرد پانی کے چھینٹے دیئے تاکہ خشیت کی کیفیت دور ہو۔ پھر آپ ۖنے سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا سے سارا حال بیان فرمایا۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا نے آپۖکو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالی آپ ۖکے ساتھ اچھا ہی فرمائے گاکیونکہ آپۖصلہ رحمی فرماتے، عیال کا بوجھ اٹھاتے، ریاضت و مجاہدہ کرتے، مہمان نوازی فرماتے، بیکسوں اور مجبوروں کی دستگیری کرتے، محتاجوں اور غریبوں کے ساتھ بھلائی کرتے لوگوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آتے، لوگوں کی سچائی میں انکی مدد اور ان کی برائی سے حذر فرماتے ہیں، یتیموں کو پناہ دیتے ہیں سچ بولتے ہیں اور امانتیں ادا فرماتے ہیں۔ سیدہ رضی اللہ تعالی عنہانے ان باتوں سے حضورۖکو تسلی و اطمینان دلایا کفار قریش کی تکذیب سے رحمت عالم ۖجو غم اٹھاتے تھے وہ سب سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کو دیکھتے ہی جاتا رہتا تھا او رآپ ۖخوش ہوجاتے تھے اور جب سرکار دوعالمۖتشریف لاتے تو وہ آپ ۖکی خاطر مدارات فرماتیں جس سے ہر مشکل آسان ہوجاتی۔(مدارج النبوت،قسم دوم،باب سوم دربدئوالوحی وثبوت نبوت ،باب دوم درذکرازواج مطہرات )
سابق الایمان
مذہب جمہور پر سب سے پہلے علی الاعلان ایمان لانے والی حضرت سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا ہیں ۔ کیونکہ جب سرور دو عالم ۖغارحرا سے تشریف لائے اور ان کو نزول وحی کی خبر دی تو وہ ایمان لائیں ۔ بعض کہتے ہیں ان کے بعد سب سے پہلے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ ایمان لائے بعض کہتے ہیں سب سے پہلے سیدنا حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ ایمان لائے اس وقت آپ رضی اللہ تعالی عنہ کی عمر شریف دس سال کی تھی۔ شیخ ابن الصلاح فرماتے ہیں ۔ کہ سب سے زیادہ محتاط اور موزوں تر یہ ہے کہ آزاد مردوں میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ بچوں اور نو عمروں میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ عورتوں میں سیدتنا خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا اور موالی میں زید بن حارثہ رضی اللہ تعالی عنہ اور غلاموں میں سے حضرت بلال حبشی رضی اللہ تعالی عنہ ایمان لائے۔
(مدارج النبوت،قسم دوم،باب سوم دربدئوالوحی وثبوت نبوت )
سیدہ رضی اللہ تعالی عنہا کی فراخدلی
حضورۖ نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے فرمایا: اللہ کی قسم!خدیجہ سے بہتر مجھے کوئی بیوی نہیں ملی جب سب لوگوں نے میرے ساتھ کفر کیا اس وقت وہ مجھ پر ایمان لائیں اور جب سب لوگ مجھے جھٹلا رہے تھے اس وقت انہوں نے میری تصدیق کی اور جس وقت کوئی شخص مجھے کوئی چیز دینے کے لئے تیار نہ تھا اس وقت خدیجہ نے مجھے اپنا سارا سامان دے دیا اور انہیں کے شکم سے اللہ تعالی نے مجھے اولادعطافرمائی۔(شرح العلامہ الزرقانی علی المواہب اللدنیہ،حضرت خدیجة ام المومنین رضی اللہ عنہا)
اولادِ نبی ۖ
حضورۖکی تمام اولاد سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کے بطن سے ہوئی۔ بجز حضرت ابراہیم رضی اللہ تعالی عنہ کے جو سیدہ ماریہ قبطیہ رضی اللہ تعالی عنہا سے پیدا ہوئے۔ فرزندوں میں حضرت قاسم رضی اللہ تعالی عنہ اور حضرت عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ کے اسمائے گرامی مروی ہیں جب کہ دختران میں سیدہ زینب، سیدہ رقیہ ، سیدہ ام کلثوم اور سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالی عنہن ہیں ۔
(السیرالنبوی لابن ہشام)
آپ کے وصال کے بعدذکر خیر
ام المئومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ حضورۖ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کا اکثر ذکر فرماتے رہتے تھے۔ بعض اوقات حضور ۖبکری ذبح فرماتے اور پھر اس کے گوشت کے ٹکڑے کرکے حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کی سہیلیوں کے گھر بھیجتے صرف اس لئے کہ یہ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کی سہیلیاں تھیں ۔
(صحیح مسلم،کتاب فضائل الصحابہ باب فضائل خدیجہ ام المومنین رضی اللہ تعالی عنہا)
ام المئومنین کا وصال
آپ رضی اللہ تعالی عنہا تقریبا پچیس سال حضور ۖکی شریک حیات رہیں ۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہاکا وصال بعثت کے دسویں سال ماہ ِ رمضان میں ہوا۔ اور مقبرہ حجون میں مدفون ہیں ۔ حضور ۖآپ رضی اللہ تعالی عنہاکی قبر میں داخل ہوئے اور دعائے خیر فرمائی ۔ نماز جنازہ اس وقت تک مشروع نہ ہوئی تھی۔ اس سانحہ پر رحمت عالم ۖ بہت زیادہ ملول و محزون ہوئے۔
(مدارج النبوت)
ام المئومنین کوحفیظ جالندھری نے اپنے اشعار میں اس طرح خراجِ تحسین پیش کیا ہے
وہ ام المسلمیں جو مادرِ گیتی کی عزت ہے
وہ ام المسلمیں قدموں کے نیچے جس کے جنت ہے
خدیجہ طاہِرہ یعنی نبی کی باوفا بی بی
شریکِ راحت و اندوہ پابند رضا بی بی
دیارِ جاودانی کی طرف راہی ہوئیں وہ بھی
گئیں دنیا سے آخر سوئے فردوسِ بریں وہ بھی












