سخت گرمی کے موسم میں احتیاط کریں،ورنہ سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائےاور خوراک بھی معتدل استعمال کی جائے

میانوالی(اللہ نوازخان)سخت گرمی کے موسم میں احتیاط کریں،ورنہ سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائےاور خوراک بھی معتدل استعمال کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق موسم شدید گرم ہو چکا ہےاور موسمیاتی تبدیلیوں نے گرمی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاط کی جائے تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔گرمی کی وجہ سے پسینہ زیادہ آتا ہے اس لیے زیادہ پانی استعمال کیا جائے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو سکے۔سخت ورزش سے گریز کیا جائےاور دھوپ میں باہر نکلنا ضروری ہو تب نکلا جائے۔دھوپ میں نکلتے وقت پانی کی بوتل بھی ساتھ رکھیں اور سر کو بھی ڈھانپیں،ہو سکے تو چھتری کا استعمال کیا جائے۔خوراک میں زیادہ بھاری غذائیں استعمال نہ کی جائیں بلکہ موسم کے مطابق ہلکی اور معتدل غذا استعمال کریں۔گرمیوں میں دو دفعہ نہائیں،اگر دو دفعہ ممکن نہ ہو تو ایک دفعہ لازمی نہایا جائے۔چھوٹے بچے،بیمار اور ضعیف افراد ہر ممکن کوشش کریں کہ دھوپ سےبچ سکیں۔اگر دھوپ یا گرمی کی وجہ سے طبیعت خراب ہو جائے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔خوراک میں سلادکا استعمال زیادہ کیا جائے تاکہ نظام انہضام درست رہے۔