حضرت عثمان ذوالنورینؓ کی سیرت آج کے حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہے، مولانا محمد ممتاز فاروقی
احمدپورسیال (تحصیل رپورٹر) سنی علماء کونسل تحصیل احمد پور سیال کے صدر مولانا محمد ممتاز فاروقی نے کہا ہے کہ خلیفہ سوم، مظلوم مدینہ، ناشر قرآن حضرت سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت و کردار آج کے حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کا دور خلافت عدل، امن، اصلاحات، اور فتوحات اسلامی کا سنہرا باب ہے جسے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ا نہوں نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمانؓ نے اپنے دورِ خلافت میں اسلامی حکومت کو ایک مثالی ماڈل بنا کر پیش کیا۔ فتوحات کے ساتھ ساتھ انہوں نے عوامی بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے جن میں پولیس نظام کی بنیاد، مجرموں کا باقاعدہ اندراج، فوج کے لیے سرائیں اور جاسوسی کا منظم محکمہ، غریبوں کے لیے وظائف اور لنگرخانے، مسافروں کے لیے سرائے، زراعت کے فروغ کے لیے ڈیم اور نہری نظام، اور شہری علاقوں کے لیے حفاظتی بندوں کی تعمیر شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے عظیم کارنامہ قرآن مجید کی اشاعت اور امت کو لغتِ قریش پر متفق کرنا ہے۔ حضرت عثمانؓ کی سیرت کا نمایاں پہلو حیاء ہے جسے آج کے بے حیائی اور فحاشی کے دور میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو ان کی پاکیزہ سیرت سے روشناس کروانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔مولانا محمد ممتاز فاروقی نےحکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ 18 ذی الحجہ کو حضرت سیدنا عثمانؓ کے یوم شہادت کے طور پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور اسے سرکاری سطح پر یومِ عثمانؓ کے طور پر منایا جائے تاکہ نئی نسل کو اس عظیم صحابی کی خدمات سے آگاہ کیا جا سکے۔












