ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میونسپل کمیٹی کی ریکارڈ ریکوری، سالانہ ہدف سات کروڑ چالیس لاکھ روپے تک پہنچ گیا

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی خصوصی ہدایات اور زیر نگرانی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پیام غنی اور میونسپل آفیسر پلاننگ شعیب احمد شیخ کی شب و روز محنت سے میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی مالی وصولی ریکارڈ کی ہے۔تفصیلات کے مطابق مالی سال 2023-24 کے لیے میونسپل کمیٹی کا مقرر کردہ ٹارگٹ دو کروڑ پچاس لاکھ روپے تھا، جبکہ موجودہ مالی سال 2024-25 میں افسران کی بھرپور کوششوں اور موثر حکمت عملی کے باعث ٹارگٹ بڑھا کر سات کروڑ چالیس لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ جرمانہ جات کی مد میں بھی غیر معمولی وصولی کو یقینی بنایا گیا ہے، جسے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔چیف آفیسر پیام غنی اور ایم او پلاننگ شعیب احمد شیخ کا کہنا ہے کہ بلڈنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ نقشہ جات کی عدم دستیابی یا خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ بلڈنگ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تعمیرات کے سلسلے میں تمام تر قانونی تقاضے پورے کریں تاکہ کسی قسم کی کارروائی سے بچا جا سکے۔شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے میونسپل افسران کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، جنہوں نے نہ صرف مالی شفافیت کو فروغ دیا بلکہ بلدیاتی نظم و نسق کو بھی بہتر بنایا۔*