شکریہ… انسانیت کی جیت کا نام

تحریر طاہر عباس

کبھی کبھی زندگی کے ہجوم میں ایک لمحہ ایسا آتا ہے جو ہمیشہ کے لیے دل پر نقش ہو جاتا ہے۔ ایسا ہی ایک لمحہ میری زندگی میں اُس وقت آیا جب میری معصوم بیٹی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور میں اُسے فوراً سول ہسپتال کبیر والا لے گیا۔

خوف، بے بسی اور والدین کی وہ گھبراہٹ دل و دماغ پر چھائی ہوئی تھی جو صرف وہی محسوس کر سکتے ہیں جن کا بچہ بیمار ہو۔ مگر جیسے ہی ہم ہسپتال پہنچے، وہاں موجود ڈاکٹر وقاص عابد شیخ (03114005127) نے نہ صرف بروقت بچی کا معائنہ کیا بلکہ اپنی فرض شناسی اور انسانیت کے جذبے سے ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے فوری طور پر ہسپتال سے مفت ادویات منگوا کر میری بچی کو ابتدائی علاج فراہم کیا، جس سے اُس کی حالت میں فوری بہتری آنا شروع ہو گئی۔

یہ صرف ایک ڈاکٹر کا عمل نہیں تھا، یہ ایک نظامِ صحت کی بہتری کی جھلک تھی، جو آج ہمیں محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں نظر آتی ہے۔ وہ خواب، جس میں عام شہری کو معیاری، بروقت اور مفت علاج میسر ہو — اب حقیقت بن رہا ہے۔

میں دل کی گہرائیوں سے ڈاکٹر وقاص عابد شیخ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے میرے بچے کو ایک نئی سانس دی۔ ساتھ ہی میں محترمہ مریم نواز کا بھی شکر گزار ہوں، جن کی قیادت میں عوامی فلاح کے ادارے نئی زندگی پا رہے ہیں۔

یہ ایک شکریہ ہے صرف الفاظ کا نہیں، ایک دُعا کا، ایک احساس کا، ایک امید کا۔
خدا کرے یہ جذبہ، یہ نظام، اور یہ خدمت ہمیشہ قائم رہے۔