چوہدری امجد علی جاوید MPA کا انقلابی اقدام: مزدوروں کے بچوں کے لیے مفت تعلیم، کتابیں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)پنجاب اسمبلی کے رکن اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے لیبر و ہیومن ریسورس، چوہدری امجد علی جاوید نے ایک نہایت قابلِ تحسین اور انقلابی قدم اٹھایا ہے جس سے مزدور طبقے کی زندگی میں مثبت تبدیلی متوقع ہے۔ ان کی زیر نگرانی جاری کردہ ہدایات کے مطابق پنجاب بھر کے اُن اضلاع میں جہاں محکمہ لیبر کے اسکول موجود نہیں، وہاں پرائیویٹ اسکولز میں مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد محروم طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔یہ فیصلہ نہ صرف مزدور والدین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں بلکہ تعلیم کے فروغ کی جانب ایک عملی پیش رفت ہے۔ اس پروگرام کے تحت مزدوروں کے بچوں کو صرف مفت تعلیم ہی نہیں بلکہ درسی کتب، مکمل یونیفارم اور مفت ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی دی جائیں گی، تاکہ والدین کو کسی قسم کا مالی بوجھ محسوس نہ ہو۔چوہدری امجد علی جاوید کا کہنا ہے کہ مزدور ہمارا محنت کش طبقہ ہے اور ان کے بچوں کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان کا یہ وژن سماجی انصاف اور برابری کے اصولوں پر مبنی ہے، جو آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ سماجی و فلاحی حلقے، مزدور یونینز اور تعلیمی ماہرین نے اس اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس اسکیم کے نتیجے میں شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، اور معاشی طور پر کمزور طبقہ بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکے گا۔یہ امر باعثِ اطمینان ہے کہ موجودہ قیادت مزدوروں کے مسائل کو نہ صرف سن رہی ہے بلکہ ان کے دیرینہ مطالبات پر عملی اقدامات بھی کر رہی ہے۔ چوہدری امجد علی جاوید کا یہ فیصلہ نہ صرف قابلِ ستائش ہے بلکہ ایک قابلِ تقلید مثال بھی ہے۔









