حضرت داتا گنج بخشؒ کا تین روزہ عرس ایمان و عقیدت کا عظیم سنگم

تحریر محمد زاہد مجید انور… ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

لاہور کی فضائیں ایک بار پھر عشق و عقیدت کی خوشبو سے مہکنے والی ہیں، کیونکہ برصغیر کے قافلۂ تصوف اور شریعت و طریقت کے امام الاولیاء، شیخ السید علی بن عثمان الہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کا سالانہ تین روزہ عرس کل سے شروع ہو رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی لاکھوں عاشقانِ اولیاء ملک کے کونے کونے سے اور بیرونِ ملک سے یہاں حاضر ہوں گے تاکہ اس عظیم درویش اور عالمِ باعمل کی بارگاہ سے روحانی فیوض و برکات حاصل کر سکیں۔عرس کی تقریبات میں مذہبی سکالرز، قراء اور نعت خواں حضرات بھرپور شرکت کریں گے۔ محکمہ اوقاف نے عرس کے ”نظام الاوقات“ پر مشتمل خوبصورت کتابچے اور پوسٹر شائع کر کے پورے ملک میں تقسیم کیے ہیں۔ حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات، خاص طور پر ان کی شہرہ آفاق تصنیف کشف المحجوب، کو عام کرنے کے لیے اس بار خصوصی اشاعتی مہم چلائی جا رہی ہے، جبکہ سہ روزہ عالمی کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔19 اور 20 صفر المظفر کو جامع مسجد داتا دربار میں علمی و روحانی اجتماعات ہوں گے اور محافلِ سماع کا انعقاد بھی ہوگا، جہاں قوال حضرات اپنے دل موہ لینے والے کلام سے سماعتوں کو معطر کریں گے۔زائرین کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ پولیس کے 4000 اہلکار تعینات ہوں گے، 144 جدید کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کریں گے، اور محکمہ اوقاف کے 35 سکیورٹی گارڈز کے ساتھ مزید 74 گارڈز کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ہر لمحے کی نگرانی ممکن ہو سکے۔زائرین کے آرام و سکون کے لیے لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ خصوصی ٹریفک پلان کے تحت دربار شریف تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ شٹل سروس بھی دستیاب ہوگی، جبکہ قریبی اسکولز اور اسپتالوں میں وسیع پارکنگ قائم کی گئی ہے۔داتا دربار کمپلیکس اور مسجد کے تہہ خانے میں میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے۔ صفائی کے لیے 216 ورکرز تین شفٹوں میں کام کریں گے جن کی نگرانی 15 سپروائزر کریں گے۔ ریٹی گن روڈ کو مکمل طور پر وہیکل فری اور تجاوزات سے پاک کر کے زائرین کی آمد و رفت آسان بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔عرس کے تینوں ایام میں دربار شریف کے مختلف مقامات پر ہیلپ کاؤنٹرز اور فرنٹ ڈیسک بھی قائم ہوں گے تاکہ آنے والے زائرین کی رہنمائی میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔حضرت داتا گنج بخشؒ کا عرس محض ایک مذہبی تقریب نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا روحانی اجتماع ہے جو دلوں کو جوڑتا، روحوں کو تازگی دیتا اور محبت، بھائی چارے اور خدمتِ انسانیت کا پیغام عام کرتا ہے۔ اس بار بھی یہ ایام لاہور کو ایمان، عقیدت اور محبت کی روشنی سے منور کر دیں گے۔*