مرکزی جامع مسجد اہلسنت والجماعت احمد پور سیال میں شہداء اسلام کانفرنس نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوئی
احمد پور سیال (ملک سیف اللہ صدیقی کھوکھر)مرکزی جامع مسجد اہلسنت والجماعت احمد پور سیال میں شہداء اسلام کانفرنس نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوئی۔ اس بابرکت اجتماع سے ممتاز عالم دین حضرت مولانا علامہ شبیر احمد عثمانی، سابق ایم پی اے حضرت مولانا پیر مسرور نواز جھنگوی سمیت مختلف علماء کرام و حفاظ نے خطاب کیا۔اس موقع پر معروف نعت خواں و قاری، قاری فاروق احمد معاویہ نے عقیدت و محبت سے بھرپور اپنا کلام پیش کیا، جسے شرکاء نے نہایت شوق و محبت سے سنا اور داد دی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں شہداء اسلام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے دینِ اسلام کی سربلندی، تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور امتِ مسلمہ کی بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔مقررین نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام نے ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر حق و صداقت کا پرچم بلند کیا اور رہتی دنیا تک یہ پیغام دیا کہ حق کی خاطر جان دینا ہی اصل کامیابی ہے۔تقریب میں سرپرست جمیعت علماء اسلام ضلع جھنگ ملک عبدالرزاق کھوکھر، اسماعیل خان بلوچ، صدر اہلسنت والجماعت شیخ محمد عارف، اور چوہدری محمد حسن معاویہ سمیت سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا ثبوت تھی کہ شہداء اسلام کی قربانیوں کی یاد آج بھی ہر دل میں زندہ ہے۔












