بجلی چور مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن
تحریر محمد زاہد مجید انور،ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ
*قوموں کی ترقی میں توانائی کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ بجلی آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ صنعت، زراعت، گھریلو زندگی حتیٰ کہ تعلیم اور صحت کا نظام بھی بجلی کے بغیر ادھورا ہے۔ لیکن افسوس کہ ہمارے ہاں کچھ عناصر ذاتی مفاد کے لیے قومی خزانے کو بے دریغ نقصان پہنچا رہے ہیں۔ یہ وہ بجلی چور مافیا ہے جو نہ صرف حکومتی اداروں کو چیلنج کر رہا ہے بلکہ محب وطن عوام کے ساتھ بھی ناانصافی کر رہا ہے۔اسی پس منظر میں ایکسیئن واپڈا ٹوبہ ٹیک سنگھ راؤ عابد بشیر نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ بجلی چور مافیا کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ ان کے بقول اس وقت ضلع بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں خفیہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو بجلی چوروں کے خلاف عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ اگر کوئی بجلی چوری کرتے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ بات خوش آئند ہے کہ واپڈا نے بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، کیونکہ بجلی چوری کا نقصان بالآخر محنتی عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ جب بجلی چوری بڑھتی ہے تو لائن لاسز بڑھتے ہیں اور حکومت ان نقصانات کو پورا کرنے کے لیے ایماندار صارفین پر بوجھ ڈالتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے اور عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بجلی چوری کو صرف حکومتی ادارے ہی نہیں بلکہ عوام بھی اپنے ضمیر کی آواز پر روکنے میں کردار ادا کریں۔ بجلی چوروں کی نشاندہی کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اگر آج ہم نے اس ناسور کو نہ روکا تو آنے والے وقتوں میں توانائی کا بحران مزید شدت اختیار کر لے گا۔راؤ عابد بشیر جیسے افسران کی کاوشیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست اپنے وسائل کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہے۔ اب یہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور بجلی چور مافیا کے خلاف قومی مہم کا حصہ بنیں۔*











