تجاوزات کے خلاف آپریشن۔۔۔ عوامی سہولت کی طرف اہم قدم

تحریر.. محمد زاہد مجید انور ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں ضلعی صدر معروف کالم نگار ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ03007575301*

*ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی سربراہی میں صدر بازار کا حالیہ دورہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت پنجاب عوامی سہولت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف اکبر، انچارج پیرا فورس محمد ابوذر وربھو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد جواد اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی حکمتِ عملی پیش کی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک کارروائی بلاتفریق جاری رہے گی۔ عوامی سہولت اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے یہ بات ناگزیر ہے کہ بازاروں میں راستے کشادہ رہیں اور آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ صدر بازار میں کیے گئے معائنے کے دوران یہ عندیہ دیا گیا کہ حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یہ حقیقت ہے کہ تجاوزات ہمارے شہروں کی سب سے بڑی مشکلات میں شامل ہیں۔ تاجر حضرات دکانوں کے آگے سامان رکھ کر نہ صرف عوام کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں بلکہ ٹریفک جام اور حادثات کا بھی سبب بنتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں خریداروں اور عام شہریوں کو شدید ذہنی اذیت اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر راستے تنگ ہوں گے تو شہری نہ سکون سے خریداری کر سکیں گے اور نہ ہی ہنگامی صورتحال میں راستہ کھل سکتا ہے۔تجاوزات کا خاتمہ صرف انتظامیہ کی نہیں بلکہ عوام اور تاجروں کی بھی ذمہ داری ہے۔ جب تک شہری خود اس عزم کا اظہار نہیں کریں گے کہ وہ اپنے شہر کو صاف، کشادہ اور خوبصورت دیکھنا چاہتے ہیں، تب تک سرکاری ادارے اکیلے کچھ نہیں کر سکتے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ اگر تاجر اور عوام تعاون کریں تو شہر کی رونقیں دوبارہ بحال کی جا سکتی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس آپریشن کو وقتی مہم نہ سمجھا جائے بلکہ ایک مستقل اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ لوگ خود تجاوزات کو ختم کرنے پر آمادہ ہوں۔اگر ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کریں تو یقیناً ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے تمام شہر صاف ستھرے، کشادہ اور خوبصورت نظر آئیں گے اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جا سکے گی۔*