سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف ایک فرض شناس افسر
کالم نگار: محمد زاہد مجید انور
*قدرتی آفات اور مصیبت کی گھڑی میں ہی اصل قیادت اور خدمت کا جوہر سامنے آتا ہے۔ مشکل وقت میں وہی لوگ عوام کے دلوں میں گھر بناتے ہیں جو نہ صرف خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں بلکہ دن رات عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ پیر محل کے اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار صابر بھی انہی فرض شناس اور باصلاحیت افسران میں سے ایک ہیں جنہوں نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں میں متاثرین کے دکھ درد کو نہ صرف محسوس کیا بلکہ عملی طور پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر خدمت کی ایک روشن مثال قائم کی۔ذوالفقار صابر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیاء، طبی سہولیات اور محفوظ مقامات تک پہنچانے میں ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے نہ صرف انسانوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے پر توجہ دی بلکہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے مویشیوں اور جانوروں کے علاج و معالجہ اور دیکھ بھال کو بھی اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ عوام الناس انہیں ایک ہمدرد، درد مند اور انسان دوست افسر کے طور پر یاد کر رہے ہیں سیلاب سے متاثرہ مقامی شہریوں نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر نے جس طرح دن رات ہمارے درمیان رہ کر عملی خدمت کی ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا، ہر وقت ہمارے ساتھ کھڑے رہے، اور انتظامی سطح پر ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ عوام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر ہر افسر ذوالفقار صابر کی طرح فرض شناسی اور خدمت کے جذبے سے کام کرے تو عوام کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر ایک نہایت قابل، محنتی اور فرض شناس افسر ہیں۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے شاندار کردار ادا کیا۔ ان کی ٹیم ورک اور جذبہِ خدمت مثالی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ایسے تمام افسران کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو عوام کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں۔یہی وہ خدمات ہیں جو ایک سرکاری افسر کو عوام کے دلوں میں زندہ رکھتی ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر کو صحت و تندرستی والی طویل زندگی عطا فرمائے، انہیں مزید کامیابیاں اور ترقی عطا کرے تاکہ وہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھ سکیں۔آمین ثم آمین۔*








