تعارف۔محمد جواد

لیکچرر، یونیورسٹی آف فیصل آباد

محمد جواد کا تعلق ضلع جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی
اسکول لاشاری سے حاصل کی، جب کہ انٹرمیڈیٹ کی سطح کی تعلیم چناب کالج
جھنگ سے مکمل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی
فیصل آباد کا انتخاب کیا، جہاں سے انہوں نے ریاضی میں بی ایس آنرز کی
ڈگری حاصل کی اور اپنی قابلیت اور محنت سے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
بعد ازاں، انہوں نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سے ایم فل ریاضی کی
ڈگری حاصل کی، جس میں انہوں نے تحقیق کے نئے پہلوؤں پر کام کیا۔

محمد جواد نے 2019 میں یونیورسٹی آف فیصل آباد میں بطور لیکچرر تدریسی
خدمات کا آغاز کیا۔ تدریس کو انہوں نے محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن کے
طور پر اپنایا۔ ان کا انداز تدریس نہایت رواں، فہم پر مبنی اور طلباء کی
ذہنی استعداد کے مطابق ہوتا ہے۔ وہ پیچیدہ ریاضیاتی نظریات کو آسان اور
دلکش انداز میں پیش کرتے ہیں، جو طلباء کو نہ صرف مضمون میں دلچسپی لینے
پر آمادہ کرتا ہے بلکہ ان کی فکری نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتا
ہے۔

اپنے تعلیمی سفر کے دوران محمد جواد کو ملک کے ممتاز اساتذہ جیسے کہ
پروفیسر ڈاکٹر سجاد حسین، پروفیسر ڈاکٹر نعیم صادق، اور پروفیسر اترت
قرنین جیسے نابغہ روزگار اساتذہ سے اکتسابِ علم کا موقع ملا۔ ان عظیم
شخصیات کی رہنمائی نے محمد جواد کی علمی، فکری اور تحقیقی صلاحیتوں کو
نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

تحقیقی میدان میں محمد جواد نے ایسی نمایاں اور قابلِ تحسین کامیابیاں
حاصل کیں، جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہی گئی ہیں۔
وہ پاکستان سمیت ہنگری، کوریا، بھارت، سعودی عرب، اور چین کے ممتاز
اسکالرز کے ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں شریک رہے ہیں۔ ان کی تحقیق کا
دائرہ کار فلوئڈ میکینکس، ہیٹ ٹرانسفر، اور بایوکنویکشن جیسے جدید اور
پیچیدہ موضوعات پر محیط ہے، جنہیں صنعتی و سائنسی میدان میں کلیدی اہمیت
حاصل ہے۔

اب تک ان کے 55 سے زائد تحقیقی مضامین اور دو کتابی ابواب بین الاقوامی
شہرت یافتہ جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ ان کے تحقیقی کام کو 200 سے زائد
امپیکٹ فیکٹر پوائنٹس اور 1000 سے زائد سائنسی حوالہ جات (citations) کے
ساتھ عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ وہ متعدد بین الاقوامی جرائد کے ریویو
پینل پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ان کی تحقیقی قابلیت اور علمی
معیار کا بین ثبوت ہے۔

محمد جواد اس وقت پی ایچ ڈی کی سطح پر تحقیق میں مصروفِ عمل ہیں۔ وہ علم،
محنت اور لگن سے بھرپور اپنی خدمات کو تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے وقف
کیے ہوئے ہیں۔ اپنی شخصیت، فکری بصیرت اور تدریسی جذبے کی بدولت وہ نئی
نسل کے لیے ایک حقیقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔