منیر احمد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام گڑھ مہاراجہ کے نواحی گاؤں محمود شاہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا
گڑھ مہاراجہ (نمائندہ خصوصی) منیر احمد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام گڑھ مہاراجہ کے نواحی گاؤں محمود شاہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف فزیشن اینڈ سرجن ڈاکٹر عبداللہ امیر ملک نے بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت تقریباً 200 مریضوں کا معائنہ کیا۔کیمپ میں آنے والے مریضوں کو مفت ادویات، مچھر دانیاں اور صاف پانی کے لیے واٹر پیوریفکیشن ٹیبلٹس فراہم کی گئیں تاکہ مقامی آبادی کو سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر عبداللہ امیر ملک نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے سیلاب کے نتیجے میں پھوٹنے والی متعدی اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے نہایت مؤثر اور سادہ احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت علاج اور احتیاطی اقدامات ہی دیہی آبادی کو بڑی مشکلات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔مقامی افراد نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام علاقے کے محروم طبقے کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں۔فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ منیر احمد فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بھر میں قدرتی آفات اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی خدمت کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔ بالخصوص غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خوراک اور ادویات کی فراہمی کا سلسلہ ایک تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔منیر احمد فاؤنڈیشن کا مقصد انسانیت کی خدمت، عوامی فلاح و بہبود، اور مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کا سہارا بننا ہے۔












