پیرا فورس کی فارمل کمانڈ سلامی پریڈ: عوامی خدمت کے نئے سفر کا آغاز
تحریر: محمد زاہد مجید انور
(ضلعی صدر معروف کالم نگار ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ)*
*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی فضا ایک بار پھر امید، جذبے اور خدمت کے عزم سے معمور ہو گئی جب ڈپٹی کمشنر آفس میں پیرا فورس کی فارمل کمانڈ سلامی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پریڈ میں پیرا فورس کے نوجوانوں نے شاندار انداز میں مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کر کے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ اپنے فرائض کو نظم و ضبط اور پروفیشنل جذبے کے ساتھ انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے پریڈ کا معائنہ کیا اور فورس کے افسران و جوانوں سے تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر قائم ہونے والی یہ فورس عوامی ریلیف کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول، انسداد تجاوزات اور انتظامی امور میں پیرا فورس حکومت کا وہ ہتھیار ہے جو عوام کو براہ راست سہولت پہنچانے کا باعث بنے گا۔ڈی سی نعیم سندھو نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، ایمانداری اور خدمت کے جذبے سے ادا کریں۔ یہ فورس قلیل عرصے میں نہ صرف وسائل سے فعال ہوئی ہے بلکہ اب عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے میدان عمل میں قدم رکھ رہی ہے۔ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو پیرا فورس سے یہ امید ہے کہ یہ فورس محض ایک ادارہ نہیں بلکہ عوامی مسائل کا فوری حل بن کر سامنے آئے گی۔تقریب کی میزبانی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد نے کی، جب کہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ، سی ای او ایجوکیشن، چیف آفیسر ضلع کونسل انور بیگ سیال اور دیگر ضلعی افسران بھی شریک ہوئے۔ ان کی موجودگی اس بات کی عکاس تھی کہ پیرا فورس محض انتظامیہ کا منصوبہ نہیں بلکہ پورے ضلع کی مشترکہ کاوش ہے۔یہ پریڈ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک عہد کی تجدید تھی۔ یہ پیغام تھا کہ عوام کو ریلیف دینا، تجاوزات کا خاتمہ کرنا، پرائس کنٹرول قائم رکھنا اور حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کرانا پیرا فورس کی اولین ذمہ داری ہے۔ اگر یہ فورس اپنے فرائض ایمانداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیتی ہے تو یقیناً ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے عوام کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔پیرا فورس کا قیام ایک مثبت پیش رفت ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ فورس عوام کے اعتماد پر پورا اترے اور اپنے عمل سے یہ ثابت کرے کہ یہ فورس صرف نام کی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کے لیے وجود میں لائی گئی ہے۔*












