عوامی ریلیف کے سفر میں تجاوزات کے خاتمے کا عزم اور عوامی ردِعمل
تحریر : محمد زاہد مجید انور
*ٹوبہ ٹیک سنگھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی ریلیف ویژن کے تحت صوبے بھر میں عوامی سہولیات کی بحالی، شہروں کی خوبصورتی اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں۔ انہی اقدامات کے تسلسل میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامیہ نے تجاوزات کے خاتمے کا بیڑا اٹھایا ہے تاکہ عوامی راستے، سڑکیں اور گزرگاہیں شہریوں کے لیے کھلی اور محفوظ بنائی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی خصوصی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد کی سربراہی میں شہر اور نواحی علاقوں، خصوصاً اڈہ فلور اور گردونواح میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ اس دوران سڑکوں کے کنارے قائم مستقل اور عارضی تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹا دیا گیا۔یہ اقدام بظاہر ایک معمولی انتظامی کارروائی معلوم ہوتا ہے مگر درحقیقت یہ شہری نظم و ضبط، صاف ستھری معیشت، اور عوامی آسائش کے تحفظ کی بنیاد ہے۔ جب بازاروں، چوراہوں اور سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ ہوتا ہے تو شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی، ٹریفک میں روانی اور کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت نصیب ہوتی ہے۔میڈم صدف ارشاد نے واضح پیغام دیا ہے کہ عوامی راستوں پر قبضہ یا رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دکانداروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ از خود تجاوزات ختم کریں ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ طرزِ عمل اس بات کی علامت ہے کہ انتظامیہ اب صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔مزید یہ کہ انسدادِ تجاوزات کی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر رجانہ، اڈہ فلور اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ تجاوزات کے خاتمے کا عمل تسلسل کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔ یہ تسلسل ہی کسی بھی عوامی مہم کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام بھی انتظامیہ کے ہاتھ مضبوط کریں۔ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گزرگاہوں کو اپنی ذاتی ملکیت سمجھنے کے بجائے اجتماعی مفاد کو ترجیح دیں۔ اگر شہری تعاون کریں تو کوئی مہم ناکام نہیں ہو سکتی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی ریلیف ویژن کے تحت یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن نہ صرف قانون کی بالادستی کا مظہر ہے بلکہ یہ صاف، منظم اور خوشحال پنجاب کی طرف ایک عملی قدم بھی ہے۔انسدادِ تجاوزات آپریشن پر عوامی حلقوں کی جانب سے مجموعی طور پر مثبت ردِعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام قابلِ تحسین ہے، جس سے سڑکیں کشادہ ہوئیں، ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی اور پیدل چلنے والوں کو سہولت ملی۔بازاروں اور رہائشی علاقوں کے مکینوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے نہ صرف روزمرہ آمدورفت متاثر تھی بلکہ حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا تھا۔ انتظامیہ کے بروقت اقدامات سے اب یہ مسائل بتدریج کم ہو رہے ہیں۔کچھ شہریوں نے تجویز دی کہ تجاوزات ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقل نگرانی کا نظام بھی وضع کیا جائے تاکہ دوبارہ قبضے یا تجاوزات کی نوبت نہ آئے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو ٹوبہ ٹیک سنگھ جلد ایک صاف ستھرا، منظم اور خوبصورت شہر بن جائے گا۔*








