عوامی ریلیف، انصافِ قیمت اور انتظامیہ کی سرگرمیاں

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ضلعی انتظامیہ عوامی ریلیف کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق متحرک اور فعال نظر آ رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی قیادت میں ضلع بھر میں گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کی یہ واضح ہدایت کہ “عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں” دراصل اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ عوام کو ریلیف دینا محض نعرہ نہیں بلکہ عملی اقدام ہے۔حال ہی میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس میں ضلع بھر میں قیمتوں کی نگرانی اور کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے اجلاس کو بتایا کہ صرف ایک ہفتے کے دوران 65 ہزار سے زائد انسپیکشنز کی گئیں، جن کے نتیجے میں 3 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔یہ اعداد و شمار نہ صرف انتظامیہ کی مستعدی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ اس امر کی نشاندہی بھی کرتے ہیں کہ ناجائز منافع خوری جیسے عناصر عوامی مفاد کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ ہیں۔ آٹے، چینی، ٹماٹر اور روٹی جیسی بنیادی اشیاء پر کی جانے والی انسپیکشنز اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے رپورٹ کے مطابق:آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے 2975 انسپیکشنز،چینی کے لیے 2364 انسپیکشنز،ٹماٹر کی قیمتوں پر 2360انسپیکشنز،اور روٹی کے نرخوں پر 2078 انسپیکشنز کی گئیں۔یہ وہ شعبے ہیں جن سے براہِ راست عوام کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے، اس لیے ان پر خصوصی توجہ واقعی قابلِ تحسین ہے۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اجلاس کے دوران دکانداروں کو واضح پیغام دیا کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا لازم ہے، بصورتِ دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا مؤقف بجا طور پر اس احساس کا مظہر ہے کہ شفاف کاروباری رویے کے بغیر عوامی اعتماد بحال نہیں ہو سکتا۔یہ امر خوش آئند ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتظامیہ عوام کے ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف پالیسی سطح پر بلکہ عملی طور پر بھی سرگرم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ریلیف ویژن کے تحت روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی مانیٹرنگ اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس کا نظام عوامی خدمت کے جذبے کا عکاس ہے۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام بھی اپنی ذمہ داری کو سمجھیں۔ اگر کہیں گرانفروشی یا نرخ نامہ کی خلاف ورزی نظر آئے تو متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی ممکن ہو آخر میں کہا جا سکتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ اگر نیت نیک ہو اور عوامی مفاد پیشِ نظر رکھا جائے تو ریلیف عوام کی دہلیز تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامیہ اس وقت ریلیف، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کی ایک روشن مثال بن کر سامنے آ رہی ہے۔عوامی فلاح کے اس سفر کو جاری رہنا چاہیےکیونکہ یہی اصل خدمت ہے۔*