تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تجاوزات اور منافع خوری کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں،پیرا فورس کا اچھا اقدام۔۔

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے مطابق تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ناجائز تجاوزات اور منافع خوروں کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس عزم کا اظہار سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد نے جیونیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔میڈم صدف ارشاد کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر قائم غیر قانونی تجاوزات نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بھی بن رہی ہیں۔ فٹ پاتھوں، سڑکوں اور بازاروں میں تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کو شدید مسائل کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر پیرا فورس اور متعلقہ ادارے متحرک ہو کر ان تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز میں کسی قسم کی رعایت یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دکاندار یا افراد قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے گراں فروشی اور منافع خوری کے خلاف بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے والے منافع خوروں کے خلاف جرمانے اور دیگر قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ عام آدمی کی دسترس میں رہیں میڈم صدف ارشاد نے دکانداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں، سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، مقررہ قیمتوں کی پابندی کریں اور ناجائز تجاوزات فوری طور پر ختم کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت عوام کو صاف، منظم اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسی مقصد کے تحت تحصیل بھر میں تجاوزات اور منافع خوری کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔*