مرحوم حاجی عبدالحمید سرہندی کے ایصالِ ثواب کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کو بائیو کیمسٹری اینیلائزر مشین کا عطیہ، خدمتِ خلق کی روشن مثال

تحریر وترتیب: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ: سرپرستِ اعلیٰ مرکزی انجمن تاجران حاجی عمران احمد اور سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد احمد نے اپنے والدِ محترم مرحوم حاجی عبدالحمید سرہندی کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک قابلِ قدر فلاحی اقدام کرتے ہوئے خدمت خلق سٹیزن کمیونٹی بورڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیرِ اہتمام ضلع ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کارڈیک اینڈ لیور سنٹر کے لیے جدید بائیو کیمسٹری اینیلائزر مشین عطیہ کر دی، جس سے ضلع بھر کے ہزاروں مریض جدید، معیاری اور بروقت تشخیصی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔اس سلسلے میں ایک پروقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق ضلعی ناظم چوہدری محمد اشفاق، چیئرمین پاکستان فرنیچر کونسل میاں محمد کاشف اشفاق (تمغۂ امتیاز)، خدمت خلق سٹیزن کمیونٹی بورڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چیئرمین میاں محمد کاشف اشفاق، سماجی، سیاسی، کاروباری، مذہبی اور فلاحی شخصیات سمیت معززینِ شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران حاجی عمران احمد اور میاں شہزاد احمد نے بائیو کیمسٹری اینیلائزر مشین باضابطہ طور پر ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مرحوم حاجی عبدالحمید سرہندی اپنی دیانت داری، اعلیٰ اخلاق، انسان دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کی بدولت ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے، اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے صحت کے شعبے میں یہ عطیہ بہترین صدقۂ جاریہ ہے۔مقررین نے کہا کہ جدید بائیو کیمسٹری اینیلائزر مشین کی بدولت مختلف امراض، بالخصوص دل، جگر، گردوں، ذیابیطس اور دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لیے ضروری لیبارٹری ٹیسٹ زیادہ تیزی، درستگی اور عالمی معیار کے مطابق انجام دیے جا سکیں گے۔ اس سے مریضوں کو بروقت تشخیص اور علاج کی بہتر سہولت میسر آئے گی جبکہ مہنگی نجی لیبارٹریوں پر انحصار بھی کم ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ معاشرے کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب صاحبِ استطاعت افراد اپنی دولت اور وسائل کا ایک حصہ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔ صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے منصوبوں میں سرمایہ کاری نہ صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہے بلکہ یہ ایک عظیم دینی و قومی فریضہ بھی ہے۔سابق ضلعی ناظم چوہدری محمد اشفاق اور چیئرمین پاکستان فرنیچر کونسل میاں محمد کاشف اشفاق (تمغۂ امتیاز) نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق سٹیزن کمیونٹی بورڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں پیش پیش رہا ہے، اور مخیر حضرات کے تعاون سے صحت کے شعبے میں مزید ترقیاتی اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ مستحق اور نادار مریضوں کو بہترین طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔تقریب کے شرکاء نے حاجی عمران احمد، میاں شہزاد احمد اور ان کے خاندان کی اس بے مثال خدمت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم حاجی عبدالحمید سرہندی کے نام پر کیا جانے والا یہ فلاحی کام آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک روشن مثال اور صدقۂ جاریہ ثابت ہوگا۔آخر میں مرحوم حاجی عبدالحمید سرہندی کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ملکی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور عوام کی صحت و تندرستی کے لیے بھی اجتماعی دعا مانگی گئی، جبکہ حاضرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ مشن آئندہ بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔*

سابق ضلعی ناظم چوہدری محمد اشفاق اور ان کے صاحبزادے میاں عمر اشفاق کی کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی کی عیادت، جلد صحت یابی کے لیے دعا