احمد پور سیال میں ملزم کی رہائی کا معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ پہلے رکن پنجاب اسمبلی رانا شہباز احمد کی تحریکِ استحقاق کے بعد اب تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب امیر نے بھی پنجاب اسمبلی میں نئی تحریکِ استحقاق جمع کرا دی ہے

احمدپورسیال( سٹارنیوز)احمد پور سیال میں ملزم کی رہائی کا معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ پہلے رکن پنجاب اسمبلی رانا شہباز احمد کی تحریکِ استحقاق کے بعد اب تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب امیر نے بھی پنجاب اسمبلی میں نئی تحریکِ استحقاق جمع کرا دی ہے۔ شعیب امیر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 29 جون 2026 کو استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں ڈی پی او جھنگ، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او احمد پور سیال واصف نول نے کمیٹی کو حقائق کے برعکس معلومات فراہم کیں اور حلف کے باوجود غلط بیانی کی۔تحریکِ استحقاق میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایس ایچ او احمد پور سیال نے کمیٹی کو بتایا کہ ملزم کی رہائی ایس ڈی پی او ارشد علوی کی ہدایت پر ہوئی، جبکہ ایس ڈی پی او نے کمیٹی کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو چھوڑنے کا فیصلہ خود ایس ایچ او نے کیا تھا۔ شعیب امیر نے یہ بھی الزام لگایا کہ ڈی پی او جھنگ نے استحقاق کمیٹی کو بتایا کہ آر پی او فیصل آباد سہیل سکھیرا 13 محرم کی سکیورٹی ڈیوٹی کے باعث جھنگ میں مصروف تھے، اسی وجہ سے کمیٹی کے اجلاس میں پیش نہ ہو سکے، جبکہ تحریکِ استحقاق کے مطابق آر پی او فیصل آباد 29 جون 2026 کو جھنگ گئے ہی نہیں تھے۔تحریکِ انصاف کے رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ استحقاق کمیٹی کے روبرو غلط معلومات فراہم کرنا نہ صرف کمیٹی بلکہ پنجاب اسمبلی کے استحقاق کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا معاملہ ایوان میں زیر بحث لا کر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

رپورٹ متین قیصر ندیم