صحابہ کرامؓ امت کا سرمایہ اور ایمان کا معیار ہیں — حیدر معاویہ

احمدپورسیال مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ساؤتھ پنجاب کے ناظم حیدر معاویہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحابہ کرامؓ اسلامی تاریخ کی وہ عظیم شخصیات ہیں جنہوں نے نبی کریم ﷺ کی معیت میں دین کی بنیادوں کو مضبوط کیا، اور اپنی جان، مال، وقت اور اولاد کو اسلام کے لیے وقف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کا ایمان، ان کی قربانیاں اور ان کی سیرت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید نے صحابہ کرامؓ کے مقام کو واضح الفاظ میں بیان کیا ہے حیدر معاویہ نے کہا کہ آج جب فتنوں کا دور ہے اور صحابہ کرامؓ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے میں امت مسلمہ پر فرض ہے کہ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں اپنے عقیدے کو محفوظ رکھے اور صحابہؓ کی محبت کو ایمان کا حصہ سمجھے۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں، ان میں سے جس کی بھی پیروی کرو گے، ہدایت پاؤ گے۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکرؓ کا صبر، حضرت عمرؓ کا عدل، حضرت عثمانؓ کی سخاوت اور حضرت علیؓ کا علم و شجاعت ہمیں بتاتے ہیں کہ دین صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں، بلکہ عمل، ایثار اور اخلاص کا نام ہے، جو صحابہ کرامؓ کی زندگیوں میں بھرپور نظر آتا ہے۔ناظم ساؤتھ پنجاب MSO نے والدین، اساتذہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کو صحابہ کرامؓ کی سیرت اور مقام سے آگاہ کریں، کیونکہ جب تک دلوں میں صحابہؓ کی محبت زندہ ہے، ایمان محفوظ ہے، اور جب ان پر اعتراضات عام ہو جائیں، تو ایمان خطرے میں پڑ جاتا ہے۔