تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کی کال پر ایران، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف ملک گیر مظاہرے
*مسلم امہ کی عزت دوبالا کرنے کیلئے مسلم حکمران انا کے خول سے باہر نکلیں۔ علامہ آغا سید حسین مقدسی*
*کسی ایک مسلم ملک پر حملہ عالمِ اسلام پر حملہ تصور کرنے کی فکر کو قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے ہمیشہ تقویت پہنچائی*
*بیشتر مسلم حکمران حصولِ اقتدار اور عالمی استعمار کی خوشنودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس کی وجہ سے ہر طرف سے مار ہی مار ہے*
*مسلم حکمران ہوش کے ناخن لیں ورنہ انکی داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔ سربراہ ٹی این ایف جے کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب*
*ٹی این ایف جے کے زیرِ اہتمام راولپنڈی پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاج مظاہرہ، مظلوم کی حمایت اور ظالم سے نفرت و بیزاری کا عہد و پیمان*
*غیور ایرانی قوم نے اسرائیلی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر ان کے گھناؤنے منصوبہ کو خاک میں ملا دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین کا خطاب*
راولپنڈی ( ) قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ ”عالمگیر ہفتۂ ولایت“ کی مناسبت جمعہ کو ایران، غزہ مظلومینِ عالم سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں اسرائیلی بربریت، جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جمعہ کے اجتماعات میں آئمہ مساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان کے اعلان پر آج برادر اسلامی ملک ایران پر اسرائیلی استعماری جارحیت کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ملک بھر میں صیہونی بدمعاشی اور حملے کی مذمت کی جا رہی ہے۔ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے اور اخوتِ اسلامی پیغمبرِؐ اسلام کی تعلیمات کا سنہرا نظریہ ہے۔ اسی بھائی چارے اور اخوت کو دنیائے ظلم و بربریت ختم کرنا چاہتی ہے جسے زندہ کرنا ہر مسلمان کا فرضِ اولین ہے۔ سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی نے جامع مسجد اہلبیتؑ واہ کینٹ میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کی عزت دوبالا کرنے کیلئے مسلم حکمران انا کے خول سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈرتا ہے وہی مرتا ہے، پورے عالمِ اسلام پر خوف و ہراس کے بادل چھائے ہیں، امتِ مسلمہ اپنا ملی تشخص کھو چکی ہے کیونکہ بیشتر مسلم حکمران حصولِ اقتدار، بقائے اقتدار اور عالمی استعمار کی خوشنودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس کی وجہ سے ہمیں ہر طرف سے مار ہی مار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی فکر و فلسفہ کو قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے ہمیشہ تقویت پہنچائی کہ کسی ایک مسلم ملک پر حملے اور جارحیت کو عالمِ اسلام پر حملہ اور جارحیت تصور کیا جائے لیکن شومیِ قسمت کہ گزشتہ تین دہائیوں سے ایک کے بعد ایک مسلم ملک کی اینٹ سے اینٹ بجائی جاتی رہی لیکن اگر مسلم ممالک اور حکمرانوں نے اخوتِ اسلامی کے نظریہ کو زندہ نہ کیا اور عرب و عجم میں بٹے رہے تو انکی داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں۔ انہوں نے کہاکہ کاش افغانستان و عراق پر استعماری یلغار کے وقت اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاتا اور او آئی سی کو فعال اور موثر بنایا جاتا تو آج نہ غزہ میں نسل کشی ہوتی اور نہ فلسطینی مظلوم عوام خاک و خون میں غلطاں ہوتی۔ ٹی این ایف جے ضلع کونسل راولپنڈی کے زیرِ اہتمام راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاج مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ریجنل صدر علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی، جنرل سیکرٹری شوکت عباس جعفری، ضلعی صدر ملک فخر عباس، جنرل سیکرٹری ذیشان کاظمی، چوہدری مشتاق حسین، سید نصیر سبزواری اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی نے کہا کہ آج ہم ایران، غزہ، یمن، کشمیر سمیت تمام مظلومینِ جہان سے اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں تاکہ مظلوم کی حمایت ہو اور ظالم سے نفرت و بیزاری ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ عہد و پیمان کرنا ہو گا کہ دہشتگردی کے خاتمے، قومی اتحاد و یکجہتی، دشمنانِ اسلام کی سازشوں کی ناکامی، وطنِ عزیز کے استحکام اور ترقی و سلامتی کیلئے اخوتِ اسلامی پر کاربند رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سربراہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے واضح کر رکھا ہے کہ ہم آقائے موسویؒ کی تاسی میں مقدس مشن جاری رکھیں گے اور اصولوں پر کبھی سودا بازی نہیں کریں گے۔ چوہدری مشتاق نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل ہیڈ کوارٹر مکتبِ تشیُع تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان سے سربراہ تحریک آغا سید حسین مقدسی جو بھی لائحہ عمل دینگے اس پر بھرپور عمل درآمد کیا جائے گا۔ علامہ انوار کاظم ایڈووکیٹ سید نصیر سنبرواری نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے جامع مسجد قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ ترلائی کلاں میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمی سرغنہ کی ناجائز اولادوں نے سرزمینِ حضرت امام رضاؑ اور دخترِ حضرت امام موسیٰ کاظمؑ سیدہ فاطمہؑ معصومۂ قم پر حملہ کیا اور اسلامی انقلاب کو ناکام بنانے اور رجیم چینج کی مذموم کوشش کی لیکن غیور ایرانی قوم نے اسرائیلی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر ان کے گھناؤنے منصوبہ کو خاک میں ملا دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ علیؑ والے کسی یہودی مرحب سے خوفزدہ نہیں ہوتے اور نہ کربلا کے پیروکار کسی یزیدِ وقت سے گھبراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایران کی میزائل ٹیکنالوجی نے باطل کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اس کے پیچھے ایک قوت اور جذبہ کارفرما ہے جسے حسینیتؑ کہتے ہیں۔ اس موقع پر علامہ بشارت حسین امامی اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں اجتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکائے جلوس نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، امریکی ہندو سامراج مردہ، اسرائیل مردہ باد اور دیگر نعرے درج تھے۔ امام بارگاہ قصرِ امام المنتظرؑ ڈی ایچ اے سے جمعہ کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت فیڈرل کیپٹیل کے صدر ذوالفقار علی راجہ، علامہ غلام عباس جعفر، علامہ محمد انوار کاظم ایڈووکیٹ، صوبیدار(ر) اصغر حیدری نے کی، علامہ انوار کاظم نے کہا کہ ظلم کے خلاف اگر تمام خاموش ہیں تو پھر ظلم میں برابر کے شریک ہیں۔ ایران، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف بیشتر ممالک کی خاموشی معنی خیز ہے۔













