چیئرمین مرکزی علماء کونسل اور جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان، معروف عالم دین حضرت مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) چیئرمین مرکزی علماء کونسل اور جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان، معروف عالم دین حضرت مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملکی سلامتی، دینی ہم آہنگی، فرقہ وارانہ اتحاد اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا زاہد محمود قاسمی نے اس موقع پر مذہبی طبقات کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام معاشرے کی اصلاح اور قیام امن میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وفاقی وزیر مملکت طلال چوہدری نے مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت علماء کرام کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور قومی اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ملک کی ترقی، امن، اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔*













