وزیر اعظم کا سی پیک منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا عزم
اسلام آباد (سٹارنیوز)وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم ، ایم ایل ون ، گوادر پورٹ آپریشنل کرنے کے ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ سے گفتگو میں کہی۔وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تذویراتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیساتھ مالی اور اقتصادی تعاون پر چین کی قیادت کے مشکور ہیں جس کی بدولت پاکستانی معیشت مستحکم کرنے میں مدد ملی اور میکرو اکنامک آؤٹ لُک میں بہتری آئی۔ چین کے سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔ جیانگ زائی دونگ نے بتایا کہ اگست میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں-













