اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف، عمر جاوید ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب تعینات

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*حکومت پنجاب نے اعلیٰ کارکردگی، دیانت داری اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے اعتراف میں سابق ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر جاوید کو ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ان کی یہ تقرری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت ایسے افسران کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے شب و روز محنت کرتے ہیں۔عمر جاوید نے بطور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اپنی ذمہ داریاں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ ان کے دورِ تعیناتی میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی مسائل کے بروقت حل، صفائی، تجاوزات کے خاتمے، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وہ عوام کے لیے قابلِ رسائی افسر کے طور پر جانے جاتے تھے اور انتظامی معاملات میں قانون کی بالادستی کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوامی و سماجی حلقے آج بھی ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مختلف سرکاری محکموں کے درمیان بہترین رابطہ پیدا کیا، عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام قائم کیا اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا شمار پنجاب کے محنتی، دیانت دار اور فرض شناس افسران میں کیا جاتا ہےبطور ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب ان پر صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، جدید اور عوام دوست بنانے کی اہم ذمہ داری عائد ہوگی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے وسیع انتظامی تجربے، قائدانہ صلاحیتوں اور خدمت کے جذبے سے “ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید کامیاب بنائیں گے اور صوبے میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اہلِ ٹوبہ ٹیک سنگھ نے عمر جاوید کی اس اہم تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری میں بھی اسی جذبے، دیانت اور محنت کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے حکومت پنجاب اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔*