اوپن ڈور پالیسی، عوامی اعتماد اور ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کی خدمتِ خلق کا عزم
تحریر .محمد زاہد مجید انور
*وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایات کے مطابق پنجاب پولیس کو ایک ایسی فورس بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے بلکہ عوام کے لیے قابلِ رسائی، جوابدہ اور خدمت کے جذبے سے سرشار بھی ہو۔ اسی سلسلے میں “اوپن ڈور پالیسی” ایک اہم اور مؤثر اقدام ہے جس کے ذریعے شہری بلا واسطہ اپنے مسائل اور شکایات متعلقہ پولیس افسران کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔اسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ نے اپنے دفتر میں عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں پیش کیں۔ ملاقات کے دوران سائلین نے پولیس سے متعلق مختلف امور، مقدمات، تفتیش، عوامی تحفظ، جرائم کی روک تھام، زمینی تنازعات، امن و امان اور دیگر معاملات پر اپنی گزارشات پیش کیں۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے ہر شہری کی بات انتہائی توجہ، تحمل اور ذمہ داری سے سنی اور موقع پر موجود متعلقہ پولیس افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام شکایات کا فوری، شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی، غیر ضروری تاخیر یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور غفلت یا بدانتظامی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا اصل فرض صرف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ہی نہیں بلکہ مظلوم کی داد رسی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی بروقت فراہمی بھی ہے۔ ایک ایسی پولیس ہی معاشرے میں امن، قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام کو مضبوط بنا سکتی ہے جو عوام کے لیے ہر وقت دستیاب ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ اور عوام دوست ادارہ بننے کی جانب گامزن ہے۔ تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام سے خوش اخلاقی، شائستگی اور احترام کے ساتھ پیش آئیں، ان کی شکایات کو سنجیدگی سے لیں اور مقررہ وقت کے اندر ان کے حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم بنانے، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اوپن ڈور پالیسی دراصل عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد، تعاون اور رابطے کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ جب شہری بلا خوف و جھجک اپنی شکایات اعلیٰ پولیس افسر تک پہنچا سکیں اور ان کی فوری شنوائی ہو تو نہ صرف مسائل جلد حل ہوتے ہیں بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔ یہی اعتماد جرائم کے خاتمے اور ایک پرامن معاشرے کے قیام میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔بلاشبہ ایک کامیاب پولیس افسر وہی ہوتا ہے جو قانون پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ کی جانب سے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل براہِ راست سننا، فوری احکامات جاری کرنا اور شفاف انداز میں انصاف کی فراہمی کے عزم کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب پولیس عوامی خدمت، جوابدہی اور قانون کی بالادستی کے سفر پر پوری سنجیدگی سے گامزن ہے۔ امید ہے کہ ایسے اقدامات سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں امن، انصاف اور عوامی فلاح کے نئے باب رقم ہوتے رہیں گے۔*













