مون سون بارشیں اور احتیاطی تدابیر، ریسکیو 1122 کی عوام سے بروقت اپیل

*تحریر : محمد زاہد مجید انور

*مون سون کا موسم جہاں گرمی کی شدت میں کمی اور زمین کی سیرابی کا باعث بنتا ہے، وہیں شدید بارشیں، شہری سیلاب، بجلی کے حادثات، آسمانی بجلی، بوسیدہ عمارتوں کے گرنے اور دیگر ہنگامی حالات کے خدشات بھی جنم لیتے ہیں۔ ایسے حالات میں عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر ادارے کی اولین ذمہ داری ہے، اور ریسکیو 1122 اس ذمہ داری کو نہایت مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں نبھا رہا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ٹوبہ ٹیک سنگھ انجینئر فرحان مرزا نے مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلع بھر کے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ معمولی سی لاپرواہی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، لٹکتی ہوئی تاروں اور ٹرانسفارمرز سے مناسب فاصلہ رکھا جائے۔ نشیبی علاقوں، زیر آب سڑکوں اور تیز بہاؤ والے نالوں یا برساتی پانی میں ہرگز داخل نہ ہوں، کیونکہ پانی کی گہرائی اور بہاؤ کا اندازہ لگانا اکثر مشکل ہوتا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو بارش کے دوران کھلے مقامات، نالوں، جوہڑوں اور برساتی پانی میں کھیلنے سے روکیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انجینئر فرحان مرزا نے مزید کہا کہ بوسیدہ، خستہ حال یا کمزور عمارتوں میں رہائش سے گریز کیا جائے کیونکہ مسلسل بارشوں کے باعث ایسی عمارتیں کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہیں۔ آندھی اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ اگر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی، حادثہ، آگ لگنے، ڈوبنے، عمارت گرنے یا ٹریفک حادثے کی صورت حال پیش آئے تو فوراً ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ امدادی ٹیمیں بروقت کارروائی کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تمام ٹیمیں، ایمبولینسیں، ریسکیو گاڑیاں، واٹر ریسکیو آلات اور تربیت یافتہ اہلکار مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے تیار ہیں۔ ضلعی سطح پر کنٹرول روم مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ موسمی حالات سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں، سفر سے قبل موسم کی صورتحال ضرور معلوم کریں اور اپنی حفاظت کے ساتھ دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں۔آخر میں انجینئر فرحان مرزا نے کہا کہ “احتیاط ہی بہترین حفاظت ہے۔ اگر ہم ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حفاظتی اصولوں پر عمل کریں تو مون سون کے دوران پیش آنے والے بیشتر حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ ریسکیو 1122 ہر لمحہ عوام کی خدمت اور حفاظت کے لیے تیار ہے، تاہم شہریوں کا تعاون ہی محفوظ معاشرے کی ضمانت ہے۔”*