65 ملی میٹر مسلسل بارش کے باوجود ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نکاسیٔ آب کا مؤثر انتظام، ضلعی انتظامیہ اور واسا کی بروقت کارروائی عوام کے اعتماد پر پورا اتر گئی
تحریر : محمد زاہد مجید انور
*ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مون سون کی حالیہ شدید بارش نے جہاں شہری زندگی کو متاثر کرنے کی کوشش کی، وہیں ضلعی انتظامیہ اور واسا کی بروقت منصوبہ بندی، ہمہ وقت نگرانی اور عملی اقدامات نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر ادارے پیشگی تیاری اور ذمہ داری کے ساتھ میدان میں موجود ہوں تو بڑے سے بڑا چیلنج بھی کامیابی سے نمٹا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن “ستھرا پنجاب” کے تحت ڈپٹی کمشنر محترمہ ماہم آصف ملک اور ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں کی قیادت میں اداروں نے عوامی خدمت کی ایک بہترین مثال قائم کی۔گزشتہ روز صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہونے والی مسلسل موسلادھار بارش کے دوران 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اتنی زیادہ بارش کے باعث شہر کے مختلف نشیبی علاقے، شاہراہیں، چوک اور بازار وقتی طور پر زیرِ آب آگئے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے پہلے سے طے شدہ ہنگامی پلان کے مطابق فوری طور پر تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کیا، جس کے نتیجے میں واسا کی ٹیمیں بھاری مشینری، ڈی واٹرنگ پمپ، سکشن مشینوں اور فنی عملے کے ساتھ فیلڈ میں پہنچ گئیں۔شہباز چوک، مصطفیٰ آباد، جھنگ روڈ، انڈر پاس، کمیٹی بازار، صدر بازار اور دیگر اہم مقامات پر پانی کی فوری نکاسی کا عمل شروع کیا گیا۔ واسا کے اہلکار مسلسل بارش میں بھی ڈیوٹی انجام دیتے رہے اور چند ہی گھنٹوں میں بیشتر علاقوں سے بارش کا پانی نکال کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔ قبل اور بعد کی تصاویر اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ جہاں چند گھنٹے پہلے سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں، وہیں بروقت کارروائی کے بعد شہری معمولات دوبارہ بحال ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر محترمہ ماہم آصف ملک نے بارش کے دوران خود مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا ہر افسر اور اہلکار عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے اور مون سون سیزن کے دوران تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں گے۔دوسری جانب ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور آپریشنل ٹیموں کی نگرانی کرتے ہوئے نکاسیٔ آب کے عمل کو مزید مؤثر بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشن، پمپنگ مشینیں اور عملہ مکمل طور پر فعال رہا، جس کی بدولت بارش کے باوجود پانی زیادہ دیر تک کسی بھی اہم شاہراہ یا چوک پر کھڑا نہیں رہنے دیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مون سون کے پورے سیزن میں واسا کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے تیار رہیں گی۔شدید بارش کے باوجود سرکاری اداروں کی بروقت کارروائی کو شہریوں نے بھی سراہا۔ مختلف علاقوں کے رہائشیوں، تاجروں اور راہگیروں نے کہا کہ اگرچہ بارش غیر معمولی تھی، لیکن واسا اور ضلعی انتظامیہ کی فوری کارروائی کی بدولت پانی جلد نکال لیا گیا، جس سے کاروباری سرگرمیاں اور ٹریفک معمول پر آگئی۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں کی محنت، جذبۂ خدمت اور فیلڈ میں مسلسل موجودگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔یہ حقیقت بھی اپنی جگہ مسلم ہے کہ مون سون جیسے مشکل موسم میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا کسی بھی ضلعی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا امتحان ہوتا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اس امتحان کے دوران ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں نے مربوط حکمت عملی، بروقت فیصلوں اور مسلسل نگرانی کے ذریعے ثابت کیا کہ عوامی خدمت صرف دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن کے مطابق شہری سہولیات کی فراہمی، صاف ستھرا ماحول، فوری نکاسیٔ آب اور عوامی مسائل کا بروقت حل ہی ایک فعال اور ذمہ دار حکومت کی پہچان ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حالیہ بارش کے دوران ضلعی انتظامیہ اور واسا کی مشترکہ کارکردگی اس وژن کی عملی تصویر بن کر سامنے آئی، جس نے شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا اور یہ پیغام دیا کہ مشکل حالات میں ریاستی ادارے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔عوامی خدمت ہی ہمارا عزم ہے، اور اللہ تعالیٰ آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔*













