مون سون کے دوران شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح، ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کا نکاسیٔ آب کے انتظامات کا ہنگامی جائزہ

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن کے مطابق مون سون کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک نے ایم ڈی واسا چوہدری کامران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں، مرکزی شاہراہوں، انڈر پاس، اہم چوراہوں، ڈسپوزل اسٹیشنز اور حساس مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات پر جاری ڈی واٹرنگ آپریشن، سیوریج لائنوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز کی کارکردگی، ہیوی مشینری کی فعالیت اور فیلڈ ٹیموں کی موجودگی کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی کھڑا نہیں ہونا چاہیے اور تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محترمہ ماہم آصف ملک نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو محفوظ اور بہتر شہری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان مکمل رابطہ برقرار رکھا جائے اور تمام فیلڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جائے اور پانی کی نکاسی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ایم ڈی واسا چوہدری کامران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا کی تمام مشینری مکمل طور پر فعال ہے جبکہ ڈی واٹرنگ پمپس، ڈسپوزل اسٹیشنز اور فیلڈ عملہ مسلسل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے تمام اہم مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ بارش کا پانی کم سے کم وقت میں نکال کر ٹریفک کی روانی اور شہری زندگی کو معمول کے مطابق رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا کا کنٹرول روم بھی چوبیس گھنٹے فعال ہے اور موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واسا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز، مرکزی سڑکوں، بازاروں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے، سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی جاری رکھی جائے اور بارش سے قبل و بعد تمام انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ ادارے عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی، نکاسیٔ آب کے مؤثر نظام اور مون سون کے دوران ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لیے پوری ذمہ داری، محنت اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیوریج لائنوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔*