ستھرا پنجاب پروگرام: صاف ماحول، صحت مند معاشرہ اور عوامی خدمت کا روشن سفر،ڈاکٹر طارق عثمان کی قیادت میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی عملی کوششیں
تحریر محمد زاہد مجید انور
*صفائی نصف ایمان ہے، مگر جدید دور میں یہ صرف ایک مذہبی اور اخلاقی تقاضا نہیں بلکہ صحت مند، مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی علامت بھی سمجھی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں “ستھرا پنجاب” پروگرام کا آغاز کیا تاکہ ہر شہر، قصبہ اور دیہات کو صاف، خوبصورت اور آلودگی سے پاک بنایا جا سکے۔ اس پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ نہ صرف صفائی کے روایتی نظام کو بہتر بنا رہی ہے بلکہ جدید منصوبہ بندی، مؤثر نگرانی اور عوامی شمولیت کے ذریعے اسے ایک پائیدار ماڈل کی شکل بھی دے رہی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر طارق عثمان نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید منظم، مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر شہری کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب صرف صفائی کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ عوام کی صحت، ماحولیات کے تحفظ، شہری سہولیات میں بہتری اور بہتر طرزِ زندگی کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ہر سطح پر کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر طارق عثمان نے مون سون بارشوں کے دوران صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں میں ستھرا پنجاب کی ٹیمیں دن رات فیلڈ میں موجود رہیں۔ عملے نے نالوں، سیوریج لائنوں اور سڑکوں سے پانی کی بروقت نکاسی، کچرے کی فوری منتقلی اور صفائی کے دیگر تمام امور احسن انداز میں سرانجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے صفائی کارکنوں نے جس جذبے، محنت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید مشینری، بہتر مانیٹرنگ، بروقت رسپانس اور ذمہ دارانہ نگرانی کا نظام نافذ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی علاقے میں صفائی کے حوالے سے شکایت پیدا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو معیاری شہری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر طارق عثمان نے اس امر پر بھی زور دیا کہ صاف ستھرا ماحول صرف حکومتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی بھی برابر ذمہ داری ہے۔ اگر عوام کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں، صفائی کے اصولوں پر عمل کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں تعاون کریں تو ضلع کو مثالی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی سے متعلق کسی بھی مسئلے کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کو صفائی، خوبصورتی اور ماحول دوست اقدامات کے حوالے سے پنجاب کے نمایاں اضلاع میں شامل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے، صفائی عملہ اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر دن رات کام کر رہے ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خصوصاً مون سون بارشوں کے دوران صفائی ٹیموں نے جس جانفشانی سے خدمات انجام دیں، وہ لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ، صفائی عملے اور عوام کے باہمی تعاون سے ٹوبہ ٹیک سنگھ نہ صرف صاف ستھرا بلکہ پنجاب کے خوبصورت ترین اضلاع میں بھی شمار ہوگا۔بلاشبہ، ایک صاف ماحول ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے، اور جب حکومت، انتظامیہ اور عوام ایک ہی مقصد کے لیے متحد ہو جائیں تو کامیابی یقینی بن جاتی ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام اسی مشترکہ عزم کی ایک روشن مثال ہے جو آنے والی نسلوں کو بہتر، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔*













