

ماہرِ تعلیم پرویز احمد چشتی نے گورنمنٹ آفٹر نون ہائی سکول محمود شاہ میں ہیڈ ماسٹر کا چارج سنبھال لیا
احمد پور سیال (نمائندہ )گورنمنٹ آفٹر نون ہائی سکول محمود شاہ، تحصیل احمد پور سیال، ضلع جھنگ میں ماہرِ تعلیم جناب پرویز احمد چشتی نے بطور ہیڈ ماسٹر اپنے فرائض سنبھال لیے۔ اس موقع پر منعقدہ مختصر مگر پُروقار تقریب میں امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اعجاز علی آسی ، ڈائریکٹر مسلم ماڈل سکولز اینڈ کالجز حضرت پیر عبدالرحمن، حافظ محمد عبدالشکور بھٹی ، مہر نور محمد چشتی، فخر عباس شاہ، اساتذۂ کرام میاں غلام شبیر، احمد نواز، حسن رضا، سید رضا شاہ، منتظر مہدی، محمد رفیق، ذیشان سلیم اور ملازمین میں رانا محمد خالد اور محمد زبیر نے شرکت کی۔
اپنے اولین خطاب میں جناب پرویز احمد چشتی نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی حقیقی ترقی باہمی اعتماد، مشاورت اور ٹیم ورک سے وابستہ ہوتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکول میں طلبہ کے داخلوں میں اضافہ، کھیل کے میدانوں کی تعمیر و بہتری اور معیاری تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔
انہوں نے اساتذۂ کرام کو یقین دلایا کہ ادارہ حکم سے نہیں بلکہ حکمت، اور اختیار سے نہیں بلکہ باہمی مشاورت کے اصول پر آگے بڑھایا جائے گا، جہاں ہر استاد کی رائے کو مکمل احترام اور اہمیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ اور عملہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے ادارے کو ضلع کے مثالی تعلیمی اداروں میں شامل کرنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
ادارے کے اساتذۂ کرام اور دیگر عملے نے جناب پرویز احمد چشتی کے بطور ہیڈ ماسٹر چارج سنبھالنے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں ادارہ تعلیمی، انتظامی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے میدان میں نمایاں ترقی کرے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پرویز احمد چشتی ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور متحرک منتظم کی حیثیت سے تعلیمی حلقوں میں اچھی شہرت رکھتے ہیں، جنہوں نے اپنی سابقہ ذمہ داریوں کے دوران بھی بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کی قیادت میں گورنمنٹ آفٹر نون ہائی سکول محمود شاہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے جناب پرویز احمد چشتی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی، ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ادارے کی ترقی، تعلیمی معیار کی بلندی اور طلبہ کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مختلف سیاسی ،سماجی اور ادبی شخصیات کی طرف سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہے













