ڈی پی ایس اینڈ کالج راولپنڈی کی طالبہ میراب حسن نے راولپنڈی بورڈ کے میٹرک امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی

راولپنڈی: ڈویژنل پبلک اسکول اینڈ کالج (ڈی پی ایس) راولپنڈی کی ہونہار طالبہ میراب حسن نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کر کے ادارے، اپنے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کر دیا۔
اس نمایاں کامیابی پر ڈی پی ایس راولپنڈی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اساتذہ، طلبہ اور والدین نے میراب حسن کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے محنت، لگن اور بہترین رہنمائی کا ثمر قرار دیا۔
اس موقع پر ادارۂ ہذا کی پرنسپل مس ثمینہ خان نے طالبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا، “میں اس غیر معمولی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کی بے حد شکر گزار ہوں۔ اس کامیابی کا اصل سہرا میرے قابل، محنتی اور مخلص اساتذہ کی انتھک کاوشوں کو جاتا ہے، جنہوں نے طلبہ کی بہترین تربیت اور رہنمائی کو اپنا شعار بنایا۔ ان شاء اللہ آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ مزید شاندار نتائج دے کر ادارے اور راولپنڈی کا نام روشن کرتے رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی ایس راولپنڈی ہمیشہ معیاری تعلیم، بہترین تدریسی ماحول اور کردار سازی پر یقین رکھتا ہے، اور یہی عوامل ادارے کی مسلسل کامیابیوں کی بنیاد ہیں۔ میراں حسن کی یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے کہ محنت، مستقل مزاجی اور اساتذہ کی رہنمائی سے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔