خلوص، محبت اور شرافت کی زندہ مثال سابق چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد اشرف جوڑا سے یادگار ملاقات

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاسی، سماجی اور عوامی تاریخ میں چند شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے اپنے کردار، اخلاق اور عوامی خدمت کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنائی۔ ان ہی باوقار شخصیات میں سابق چیئرمین ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری محمد اشرف جوڑا کا نام نہایت عزت اور احترام سے لیا جاتا ہے۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب عوامی نمائندہ رہے بلکہ اپنی سادگی، شائستگی، نفاست، وسیع القلبی اور بے لوث محبت کی وجہ سے ہر طبقۂ فکر میں یکساں مقبول ہیں۔گزشتہ روز ان سے ایک نہایت خوشگوار اور یادگار ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اس ملاقات میں میرے ساتھ ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت میاں مزمل سکندر، معروف قانون دان چوہدری ولید بن شفیق ایڈووکیٹ اور نوجوان شخصیت فراز کاشف بھی شریک تھے۔ ملاقات محبت، خلوص، اپنائیت اور باہمی احترام سے بھرپور ماحول میں ہوئی، جہاں ماضی کی خوبصورت یادوں کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی موجودہ سیاسی، سماجی، ترقیاتی اور عوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔چوہدری محمد اشرف جوڑا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ایک عبادت ہے اور جو شخص اخلاص، دیانت اور نیک نیتی کے ساتھ لوگوں کی خدمت کرتا ہے، وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی ترقی صرف منصوبوں سے نہیں بلکہ اچھے کردار، ایمانداری، برداشت اور باہمی احترام سے ممکن ہے۔انہوں نے نوجوان نسل کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق، مثبت سوچ اور خدمتِ خلق کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بزرگوں کے تجربات اور رہنمائی سے فائدہ اٹھا کر ہی ایک مضبوط، مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ملاقات کے دوران ضلع کی صحافتی سرگرمیوں، سیاسی حالات، عوامی مسائل، بلدیاتی نظام، نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معاشرے میں محبت، رواداری اور خدمت کا جذبہ فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔میں نے اس موقع پر چوہدری محمد اشرف جوڑا کی طویل عوامی خدمات، اعلیٰ کردار اور مثالی اخلاق کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا بلاشبہ وہ ان بزرگ شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے ہمیشہ اختلافات سے بالاتر ہو کر لوگوں کو جوڑنے، عزت دینے اور محبت بانٹنے کی روایت کو زندہ رکھا۔ ان کی شخصیت آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔آخر میں چوہدری محمد اشرف جوڑا صاحب کی درازیٔ عمر، کامل صحت، خوشیوں اور مزید عزت و وقار کے لیے دعا کی گئی۔ یہ ملاقات اس امر کا واضح ثبوت تھی کہ خلوص، محبت، شرافت اور خدمتِ خلق جیسے اوصاف انسان کو ہمیشہ زندہ اور قابلِ احترام رکھتے ہیں، اور یہی وہ سرمایہ ہے جو کسی بھی شخصیت کو عوام کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے امر کر دیتا ہے۔*