مون سون بارش بھی انڈر پاس کی ٹریفک نہ روک سکی، واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ نے نئی مثال قائم کر دی،شدید بارش کے باوجود صرف 20 منٹ میں پانی کی نکاسی، ایم ڈی واسا چوہدری کامران رضا کاہلوں خود فیلڈ میں متحرک رہے

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) مون سون کی شدید بارش کے دوران ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پہلی مرتبہ انڈر پاس ٹریفک کے لیے مکمل طور پر فعال رہا اور نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کے باعث شہریوں کو کسی بڑی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ کی پیشگی منصوبہ بندی، بروقت حکمت عملی، جدید مشینری کے استعمال اور فیلڈ ٹیموں کی مسلسل محنت کے نتیجے میں انڈر پاس میں جمع ہونے والا بارشی پانی محض 20 منٹ کے اندر نکال دیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق برقرار رہی۔تفصیلات کے مطابق مون سون بارش کے پیش نظر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ نے قبل از وقت تمام ضروری انتظامات مکمل کر رکھے تھے۔ ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ پمپس، ہیوی مشینری اور آپریشنل ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا، جبکہ حساس مقامات پر اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا تھا۔ بارش شروع ہوتے ہی ٹیمیں متحرک ہو گئیں اور انڈر پاس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں فوری نکاسیٔ آب کا عمل شروع کر دیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری کامران رضا کاہلوں بارش کے دوران خود مختلف مقامات پر پہنچے اور نکاسیٔ آب کے آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کرتے رہے۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں، مشینری کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اس امر کو یقینی بنایا کہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ ان کی براہِ راست نگرانی کے باعث تمام ٹیموں نے انتہائی سرعت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔شہریوں اور تاجروں نے واسا کی اس مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں معمولی بارش کے بعد بھی انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کئی گھنٹے معطل رہتی تھی، مگر اس مرتبہ بروقت اقدامات، بہترین انتظامی حکمت عملی اور فیلڈ عملے کی انتھک محنت کے باعث صورتحال مکمل طور پر مختلف رہی، جس سے شہریوں کا اعتماد بھی بحال ہوا۔ایم ڈی واسا چوہدری کامران رضا کاہلوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، بارشی پانی کی فوری نکاسی اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران واسا کی تمام ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود ہیں، جبکہ مشینری اور ڈسپوزل سسٹم کو مکمل فعال رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا عوام کو بہتر، محفوظ اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے اور آئندہ بھی نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔*